سعودی شاہی خاندان کے مہمان نواز شریف اب تک میزبانوں سے ملاقات کے متمنی

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد سعودی شاہی خاندان کی دعوت پر سعودیہ پہنچے ہیں تاہم ابھی تک کسی میزبانوں سے ملاقات کا شرف حاصل نہیں ہوا۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات سربراہ محمد نواز شریف پانچ سال بعد عمرہ کی سعادت کے لیے لندن سے سعودی عرب پہنچے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز پاکستان سے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سعودیہ پہنچیں۔ ایک عام تاثر دیا گیا تھا کہ میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شاہی خاندان کی دعوت پر سعودیہ گئے ہیں ، تاہم آج دونوں شخصیات کو سعودیہ پہنچے ہوئے 6 دن گزر گئے ہیں مگر ابھی تک نہ تو سعودی پرنس محمد بن سلمان نے ملاقات کی ہے اور نہ ہی کسی اعلیٰ درجے کے سرکاری عہدے دار نے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر ، بڑے صاحبزادے جنید صفدر ، بہو عائشہ سیف ، داماد راحیل اور دو بیٹیوں مہرالنساء اور ماہ نور کے ہمراہ 11 اپریل کو (میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی خاندان کی دعوت پر) عمرے کی سعادت کے لیے سعودیہ پہنچیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کو طاقتور بنائیں، سید خورشید شاہ

مفتاح اسماعیل کو ہر ڈویژن کو صوبہ بنانے کی تجویز پر تنقید کا سامنا

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف سعودی شاہی خاندان کی خصوصی دعوت پر 12 اپریل کو لندن سے سعودی عرب پہنچے۔ نواز شریف 5 سال بعد عمرے کی غرض سے سعودیہ پہنچے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکورٹی اہلکاروں نے نواز شریف کا استقبال کیا جس کے بعد وہ خصوصی حفاظتی حصار میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچ گئے۔

14 اپریل کو شاہی خاندان کے خصوصی گارڈز کے حصار میں سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز ، کیپٹن (ر) محمد صفدر ، بیٹے جنید صفدر اور خاندان کے دیگر افراد نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔

ٹیم مریم نواز شریف نے شاہی سیکورٹی گارڈز کے حصار میں نواز شریف اینڈ فیملی کے عمرہ کی سعادت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر ترین رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کی خاندان کے ہمراہ عمرہ ادا کرنے کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عام تاثر یہ تھا کہ میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف سعودی کراؤن پرنس شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر عمرہ کی سعادت کے لیے سعودیہ پہنچے ہیں، تاہم آج انہیں سعودیہ پہنچے ہوئے کم از کم چھ روز گزر گئے ہیں ، مگر اس درمیان نہ شہزادہ محمد بن سلمان ، نہ وزیر خارجہ ، نہ وزیر دفاع اور نہ ہی وزیر داخلہ نے ان سے کوئی ملاقات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے یہ کیسی دعوت ہے کہ جس میں میزبان ہی غائب ہیں۔

متعلقہ تحاریر