شانگلہ کے جنگل میں آتشزدگی، خاتون اور بچوں سمیت 4 افراد جھلس کر جاں بحق
ترجمان محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ قریبی علاقوں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
شانگلہ: چکیسر کے دور افتادہ علاقہ علی جان کاپری کے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی ، جس کے نتیجے میں لکڑیاں اکھٹی کرتی ہوئی ایک بچی ، دو بچے اور ایک عورت جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں، نزدیک ایریا میں پانی نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاک آرمی کی تعاون سے یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں ڈیجیٹل حجرہ کا قیام
کے پی اسمبلی میں خواجہ سراؤں کے تحفظ کا بل پیش، خواتین پر تشدد کیخلاف بل منظور
پولیس اور ریسکیو اہلکار اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف ہیں، تاہم آگ کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ مزید آگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ جنگلات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خشک جھاڑیوں کی وجہ سے آگ کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، آگ نے قریبی مکانات اور گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ طریقے سے آگ بجھانے کیلئے فوری کارروائیاں شروع کررکھی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جنگل میں آتشزدگی کی وجہ سے کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال چکیسر کو منتقل کردیا گیا ہے، تاحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔









