منی لانڈرنگ کیس: تفتیش کار ڈاکٹر رضوان کے بعد اہم ملزم مقصود چپڑاسی بھی انتقال کر گئے

ملک مقصود 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے ساتھ شریک ملزم تھے۔

منی لانڈرنگ کیس سے جڑی ایک اور اہم شخصیت ملزم مقصود ملک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے جبکہ اس سے قبل اس کیس کی تفتیش کار ایف آئی اے کے سابق افسر ڈاکٹر رضوان بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ ایف آئی اے ملک مقصود کو شہباز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نامزد کیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شریف خاندان کے ملازم ملک مقصود دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ ملک مقصود وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم ملزم اور گواہ بھی تھے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیر اعظم کی سربراہ ق لیگ سے ملاقات، چوہدری شجاعت نے بجٹ تجاویز دے دی

میڈیا رپورٹس کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں نام آنے کے بعد سے ملک مقصود بیرون ملک مقیم تھے۔ سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک مقصود کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی تھی۔

منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم ملک مقصود کی اچانک موت پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ” شریف خاندان کیخلاف جو انوسٹیگیشن کر رہا ہو، گواہان ہو وہ اچانک انتقال کر جاتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اسی لیے انہیں سسلین مافیا کا لقب دیا۔”

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "پہلے ڈاکٹر رضوان کی موت ہوئی، اب مقصور چپڑاسی جس کے ذریعے یہ منی لانڈرنگ کرتے تھے اس کی اچانک موت ہوگئی، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔”

ملک مقصود 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے ساتھ شریک ملزم تھے۔

ملک مقصود احمد کا انتقال اور پاکستانی قونصل خانے کی تصدیق

دوسری جانب دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے ملک مقصود احمد کے انتقال کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ملک مقصود کی میت ابھی پولیس کے پاس ہے۔

سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ ملک مقصود احمد کی میت آج رات پاکستان بھیجی جائے گی، میت پاکستان بھجوانے کیلئے سفارتی حکام نے این او سی جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دبئی میں انتقال کر جانے والے ملک مقصود احمد ہی اصل میں مقصود چپڑاسی ہیں۔

واضح رہے کہ ایف ائی اے کی طرف سے عدالت میں جمع کروائے گئے چالان کے مطابق مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر