شہباز گِل پر تشدد، بابر اعوان کا غیرجانبدار میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ
رہنما تحریک انصاف بابر اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے معاملے پر پوری تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہباز گِل پر ایسے تشدد کی تحقیقات کے لئے چاروں صوبوں کے غیرجانبدار ڈاکٹرز پر مشتمل طبی بورڈ بنایا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ شہباز گل پر جو تشدد کیا گیا اس بارے میں نہ تو بتایا جا سکتا اور نہ دکھایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نواز شریف واپس آرہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں کہ ادارے کتنے نیوٹرل ہوئے ہیں، جاوید لطیف
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان ایڈوکیٹ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ شہباز گل پارٹی کا اثاثہ ہیں ، ان پر بدترین تشدد کیا گیا ہے، میڈیا کے لوگ بھی چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ تشدد ہوا ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا شرعی اخلاقیات آڑے نہ آرہی ہوتیں تو جو جرم شہباز گل کے خلاف کیا گیا وہ بتاتا ، قومی روایات اور اسلامی تعلیمات کے باعث شہباز گل کے خلاف جو ہوا، بیان نہیں کرسکتا۔
بابر اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی نے تفتیش کے حوالے سے اشتہار جاری کیا ہے جس میں تحریر ہے کہ شہباز گِل پرتشدد کے حوالے سے کوئی شخص بیان ریکارڈ کروا سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے دعویٰ کیا کہ راتوں رات پمز کا میڈیکل بورڈ تبدیل کر دیا گیا اور میڈیکل رپورٹ بدل دی گئی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کے چاروں صوبوں کے غیر جانب دار ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ بنایا جائے، جس کے اخراجات پاکستان تحریک انصاف برداشت کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جیل کے میڈیکل افسر نے کہناہے کہ شہباز گِل کو بچپن سےدمہ ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ سرکاری اسپتال اور سرکاری ڈاکٹرز پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، شہباز شریف کے بارے میں بھی کمر درد کی رپورٹ دی گئی تھی، نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کا مسئلہ بتایا گیا اب وہ مزے کر رہے ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ اصل حکومت لندن سے چلائی جارہی ہے جب کہ شہباز گِل پر عمران خان کے خلاف بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف بابر اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے معاملے پر پوری تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ منفی پراپیگنڈے سے تحریک انصاف کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، مائنس ون کہنے والوں کو منہ کی کھا نا پڑے گی۔