فواد چوہدری نے عدالت عظمیٰ میں حکومت کے جھوٹ کو بےنقاب کردیا

رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو اپریل سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جبکہ عدالت میں بیان دیا گیا کہ استعفوں کے باوجود پی ٹی آئی اراکین تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط بجھوانے کا اعلان کردیا، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں غلط بیانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی استعفے دینے کے باوجود تنخواہیں لے رہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

لاہور میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے غلط  بیانی کی گئی کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی استعفے دے چکے ہیں لیکن تنخواہیں لے رہے ہیں ، حقیقت یہ ہے اپریل کے بعد سے تحریک انصاف کے کسی رکن کو کوئی تنخواہ نہیں ملی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نوجوانوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت قائم رکھیں، عمران خان

جنرل باجوہ نے آخر دم تک عمران خان کا ساتھ دیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب میں شاہ محمود قریشی صاحب سے درخواست کروں گا کہ وہ اس بات کی تحقیق کرالیں کہ کہیں ہمارے نام پر تنخواہیں نکال کر حکومتی اراکین خود کھا گئے ہوں۔ کیونکہ حکومت میں بھی سارے "مہاں کلاکار” بیٹھے ہوئے ہیں۔ کوئی پتا نہیں ہے کہ یہ بیرون ممالک کے سفر ہمارے ہی پیسوں سے نہ ہورہے ہوں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا ہم تو استعفے دے چکے ہیں ، مگر بڑی بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں جو ادارے ہیں خصوصاً چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کے کہنے پر کچھ استعفے مان لیے کچھ استعفے نہیں مانے۔ ہم تو تمام نشستوں سے استعفے دے چکے ہیں ، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ان استعفوں کو فوری طور پر قبول کیا جائے ، اور ان پر الیکشن کرائے جائیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ہم عدالت کو باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ ہم تو استعفے دے دیئے ہیں مگر عدالت کی تشفی کے لیے آج شاہ محمود قریشی صاحب دوبارہ اسپیکر کو خط لکھ رہے ہیں کہ آپ ہمارے استعفے اجتماعی طور پر قبول کرلیں۔ ہم نے پہلے بھی اجتماعی طور پر اسپیکر صاحب کے سامنے پیش ہونے کا پروگرام بنایا تھا مگر انہوں نے اجلاس ہی ملتوی کردیا۔

انہوں نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں تو تحلیل ہونی ہیں ، عمران خان نے 17 دسمبر کو اعلان کرنا ہے اور ہم نے فیصلہ کرلیں گے کہ کب اسمبلیاں تحلیل کریں گے۔ 70 فیصد ملک الیکشن کی جانب چلا جائے گا۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت ہماری حکومت کو ہٹایا گیا ، عمران خان 17 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے ، تحریک انصاف نے پارلیمان سے الگ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ہمارے اراکین اسمبلی نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے استعفے پیش کردیئے تھے۔

متعلقہ تحاریر