ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کرنے والے دانش عزیز کا سفر

نوجوان بیٹسمین دانش عزیز کا کہنا تھا کہ ’ہر کرکٹر جو کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہے اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنے کیریئر کا آغاز کرے۔ کچھ کو موقع مل جاتا ہے اور کچھ نہیں کھیل پاتے، مجھے اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے نوجوان بائیں ہاتھ کے بلے باز دانش عزیز نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کر دیا ہے۔

گو کہ دانش عزیز ڈیبیو میچ میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے اور صرف 15 رنز ہی اسکور کر پائے لیکن ایک مشکل وکٹ جس پر محمد رضوان، فخر زمان اور ان کے علاوہ کوئی دوسرا بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہیں ہوسکا۔

دانش عزیز  کے بارے میں اچھی توقعات ہیں اور امید ہے کہ یہ نوجوان آئندہ میچز میں اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم ٹیم سلیکشن پر کیوں مطمئن نہیں؟

دانش عزیز کا تعارف اور کرکٹ کیریئر

دانش عزیز نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 21 مارچ 2018 کو کراچی کنگز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں کیا تھا۔ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز 12 دسمبر 2014 کو کراچی ڈولفنز کی جانب سے ہوا تھا جبکہ لسٹ اے کیریئر کا آغاز انہوں نے کراچی وائٹس کی جانب سے 17۔2016 کے ریجنل ون ڈے کپ میں کیا تھا۔

20 نومبر 1995 کو کراچی میں پیدا ہونے والے دانش عزیز پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں جبکہ ان کے انٹرنیشنل کرکٹ کا ڈیبیو ابھی حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہوا تھا۔

دانش عزیز نے 2018 کے ریجنل کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کے خلاف ناقابل شکست 86 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے فواد عالم کے ساتھ 192 رنز کی شراکت کی تھی جس وجہ سے کراچی وائٹس نے اسلام آباد کو شکست دیے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اپریل 2018 میں دانش عزیز کو پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے سندھ کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ نومبر 2020 میں انہیں دورہ نیوزی لینڈ کےلیے اعلان کردہ 35 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ جنوری 2021 میں انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا۔

مارچ 2021 میں انہیں دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کےلیے محدود طرز کی کرکٹ کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کیپ حاصل کرنے کے بعد نوجوان بیٹسمین دانش عزیز کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر جو کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہے اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنے کیریئر کا آغاز کرے۔ کچھ کو موقع مل جاتا ہے اور کچھ نہیں کھیل پاتے، مجھے اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے اور میری کوشش ہو گی کہ میں بہترین سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں، ٹیم کے کپتان کوچ اور انتظامیہ نے جو مجھ پر اعتماد کیا ہے میں اپنی جانب سے پوری کوشش کروں گا کہ ان کی توقعات پر پورا اتروں۔

متعلقہ تحاریر