غریب آٹے کی قطاروں میں رُل گئے، امرا کی ”ٹم ہارٹنز“ سے ریکارڈ توڑ خریداری

ڈیفنس لاہور میں دنیا کی مہنگی ترین کینیڈین کافی چین”ٹم ہارٹنز“ کے افتتاح کے موقع پر فروخت کا 61 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، چھوٹا کافی کپ بھی 650 روپے پرں ، خریداروں کی لمبی قطاروں کی تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل، ٹم ہارٹنز ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، فنکاروں اور سماجی شخصیات کی بھی شدید تنقید

ملک معاشی دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑا ہے، قومی خزانے میں ڈالر کا کال پڑا ہے، غریب آٹے کی قطاروں میں رل رہے ہیں تو دوسری جانب امرا کی عیاشیاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ڈیفنس لاہور میں دنیا کی مہنگے ترین   کینیڈین کافی اینڈ فاسٹ فوڈ چین”ٹم ہارٹنز“کے افتتاح کے موقع پر فروخت کے نئے ریکارڈ قائم ہوگئے۔

ٹم ہارٹنز نے لاہور میں پاکستان کے پہلے آؤٹ لیٹ کے افتتاح کے ساتھ ہی اپنی 61 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیے

لال قلعہ ریسٹورنٹ کے ٹیکس معاملات کی شفافیت پر سوالات کی بھرمار

کراچی پورٹ پر پھنسے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد کنٹینرز کلیئر نہیں ہوسکے

ٹم ہارٹنز کے پاکستان میں کھلنے والے پہلے آؤٹ لیٹ پر لگی خریداروں کی لمبی قطاروں  کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اورٹم ہارٹنز ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ کنگال حکومت اور قوم کے عیاش امرا کی فضول خرچی نے  دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا۔

لاہور کے امرا کی فضول خرچی اور عیاشی پر عوام ہی نہیں خواص بھی چلا اٹھے۔پاکستانی فنکاروں اور سماجی شخصیات نے اس خبر پر سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

اداکار فرحان سعید نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”2طرح کے پاکستان ہیں ، ایک وہ جو یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے اور گھی کی قطاروں میں لگاہوا ہے اور دوسرا وہ جو ٹم ہارٹنز پر قطاروں میں کھڑا ہے۔

انہوں نےہیش ٹیگ پاکستان کا معاشی بحران استعمال کرتے ہوئے مزید لکھاکہ  کہ مجھے اس سے خوف آرہاہےکہ درمیان میں کچھ نہیں ہے،مجھے ڈر لگ رہا ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے اپنے طنزیہ ٹوئٹ میں لکھا کہ  ”سنا ہے کہ ایک درآمدی کافی برانڈ اپنی کپی چینو، امریکانو اور موچاز کے ساتھ کینیڈین پاسپورٹ فراہم کررہاہے، لاہوری سب سے پہلے اڑان بھریں گے“۔

معروف سماجی شخصیت نگہت داد نے اپنے ٹوئٹ میں ٹم ہارٹنز اور ننڈوز کی آؤٹ لیٹس پر جمع ہونے والے ہجوم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ”ٹم ہارٹنز کا دو روز سے یہی حال ہے پر ننڈوز پر کیوں لائن لگی ہوئی ہے؟

نگہت داد کے ٹوئٹ پر ایک صارف نے استہزائیہ تبصرے میں لکھاکہ”دونوں کی لکھائی ایک جیسی ہے“۔نگہت داد نے کہاکہ”ڈیفنسیاز نے اسے غلط سمجھا ہو اور ننڈوز کو ٹم ہارٹنز سمجھ بیٹھے ہوں۔

علی معین نواز نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”لاہور میں ٹم ہارٹنز کے افتتاح پر لگنے والی قطاروں پر  میرا کینیڈین دوست کہا ہے کہ انہیں زمین پر سب سے بیوقوف امیر لوگ ہونا پڑے گا کہ وہ ٹمزکے لیے اتنی لمبی قطار میں کھڑے ہیں، اور ٹم ہارٹنز  جانے کے لیے کون  تیار ہوتا ہے؟“۔

ایک صارف نے لاہور میں ایک لسی کی دکان پر موجود ہجوم کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ اپنی لاتعداد جہالت میں ہم سب برابر ہیں۔

 ایک صارف نےلکھاکہ” دنیا کے مہنگے ترین کینڈین کافی برانڈ”ٹم ہارٹنز“ اپنی 61 سالہ تاریخ کی سب سے زیادہ اوپننگ سیل وہ بھی پاکستان کے شہر لاہور میں جہاں صرف ایک چھوٹے کافی کپ کی قیمت 650 روپے کے قریب ہے ،وہاں عوام گھنٹوں قطار میں کافی کے حصول کے لئے کھڑے رہے۔ کیا پاکستان واقعی غریب ملک ہے؟“۔

معروف  ماہر امراض جگر و معدہ اور وی لاگرڈاکٹر عفان قیصر نے بھی اپنی وڈیو میں   اس خبر کا تذکرہ کرتے ہوئے پاکستان میں دو طبقاتی نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

معروف مزاحیہ اداکار و میزبان خالد بٹ نے اپنے ٹوئٹ میں ٹم ہارٹنز پر لگی قطار کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ”دنیا  جل رہی ہے اور یہ ناچنے میں مصروف ہیں“۔

متعلقہ تحاریر