سیاسی صورتحال معیشت پر منفی پڑنے لگی؛ اسٹاک میں بدترین مندی، ڈالر کی اونچی اڑان بھی جاری

ہفتہ وار تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس میں411 پوائنٹس کمی ہوئی جبکہ انٹربینک میں ڈالر ڈھائی روپے تک مہنگا ہوکر 284 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے

ملک کی غیرمستحکم سیاسی صورتحال کے اسٹاک مارکیٹ میں منفی اثرات پڑنے لگے ہیں جبکہ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ بھی شدید گراوٹ کا شکار ہوا تاہم سونے کے بھاؤ میں کمی ہوئی ہے ۔

ہفتہ وار تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی دیکھی گئی جبکہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے روپے کو روند ڈالا تاہم سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

اسحاق ڈار کا آئی ایم ایف معاہدہ منظر عام پر لانے اور چائنا سے مزید قرض ملنے کا اعلان

سیاسی بحران اور آئی ایم ایف معاہدے کی غیر یقینی صورتحال کے وجہ سے اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے اور پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 411 پوائنٹس کمی کا شکار ہوگیا ۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا 100 انڈیکس411 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40 ہزار 918 کی سطح پر بند ہوا۔ کاروبار کے آخری روز انڈیکس 41 ہزار 329 پر بند ہوا تھا ۔

آج حصص بازار میں 330 کمپنیز کے شیئرز کا لین دین ہوا جس میں سے 131 کی قیمتوں میں اضافہ اور 178 کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ 21 کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ٹریڈنگ کے دوران یونٹی فوڈ لمیٹڈ،ورلڈ کال ٹیلی کام اور فوجی فوڈز لمیٹڈ ٹاپ کمپنیز ٹاپ پر رہی جبکہ یونی لیور فوڈز کی فی حصص قیمت میں 56 روپے کا زیادہ سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔

دوسری جانب  انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر نے روپے کو شدید دباؤ میں رکھا۔ انٹربینک میں ایک ڈالر کی قدر میں 2 روپے 32 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امرکی ڈالر 2 روپے 32 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 284 روپے 3 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بڑھی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایک ڈالر ایک روپے مہنگا ہونے کے بعد 286 روپے  کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

آج صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزات روپے تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ ہزار روپے کمی سے 2 لاکھ 7 ہزار300 جبکہ 10 گرام سونا 858 روپےکم ہو کر ایک لاکھ 77 ہزار 726 روپے  کی سطح پر آگیا ہے ۔

متعلقہ تحاریر