شہراقتدار کے عوام ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور، ادارہ شماریات

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے شہری 3160 روپے میں 20 کلو کا تھیلا خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2316 روپے تک میں پہنچ گئی ہے۔

ملک میں آٹے کی قیمتوں کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ، ملکی تاریخ میں پہلی بار آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 ہزار 160 روپے تک پہنچ گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 250 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

روپے کی بے قدری نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بدترین مارکیٹ قرار

آئی ایم ایف کے بغیر جینا تھا تو لوگوں پر ٹیکسز کے بوجھ کیوں ڈالے گئے؟ اسحاق ڈار سے سوال

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں جاری اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں پشاور میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 250 روپے تک مہنگا ہوا ہے ، راولپنڈی اور گوجرانولہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں اسلام آباد میں آٹے کا تھیلا مزید 160 تک مہنگا ہو گیا جس کے بعد شہر اقتدار کے شہری 3 ہزار 160 روپے کا 20 کلو کا تھیلا خریدنے پر مجبور ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بنوں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا ، جبکہ حیدر آباد میں آٹےکا تھیلا 40 روپے ، بہاولپور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 26 روپے 34 پیسے تک بڑھی ہے۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3133 روپے تک پہنچ گئی ہے ، پشاور 3050 روپے ، گوجرانوالہ میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کراچی ، بنوں اور کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2900 روپے تک میں دستیاب ہے۔ خضدار 2850 روپے ، حیدر آباد 2780 روپے اور ملتان میں آٹے کا تھیلا 2773 روپے تک میں دستیاب ہے۔

اسی طرح سے رپورٹ کے مطابق بہاولپور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 2693 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے ، لاڑکانہ 2560 روپے میں ، سکھر میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2460 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ ، فیصل آباد ، سرگودھا میں آٹے کا تھیلا 2315 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔ لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2316 روپے تک میں دستیاب ہے۔

متعلقہ تحاریر