اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، سونا بھی سستا ہوا مگر اوپن مارکیٹ میں ڈالر بے قابو رہا

پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 331 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 671 پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 316 روپے میں فروخت ہوتا رہا تاہم سونے کے فی تولہ بھاؤ میں 1700 روپے کمی ریکارڈ کی گئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں میں آج مثبت رجحان دیکھا گیا ۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی دیکھی گئی مگر اوپن مارکیٹ میں ڈالر بے لگام رہا  جبکہ صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ کم ہوئے ۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا ۔ انٹر بینک میں ڈالر معمولی دباؤ کا شکار ہوا تاہم اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی بے قابو رہی  جبکہ سونےکا بھاؤ کم ہوا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف فنانسنگ پروگرام کا خاتمہ؟ ناتھن پورٹر نے معاشی بدحالی سے آگاہ کردیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کیلئے منگل کا روز خوش کن رہا۔ پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 331 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 671 پر بند ہوا جوکہ صفر اعشاریہ 8 فیصد مثبت تبدیلی ہے ۔

حصص بازار میں مختلف سیکٹرز میں معتدل حجم کے ساتھ سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں جاری رہیں جبکہ تیسرے درجے کی کمپنیوں نے بورڈ پر غلبہ جاری رکھا، جو ان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

اگرچہ تجارتی حجم میں346.3 ملین حصص سے 197.7 ملین حصص تک کمی واقع ہوئی ہے لیکن اوسط تجارت کی قیمت 22.5 ملین ڈالرکے مقابلے میں 0.6 فیصد اضافے سے 22.6 ملین ڈالر  ہو گئی۔

حصص بازارمیں کئی سیکٹر کی شاندار کارکردگی نےمارکیٹ کےمجموعی فوائد میں اہم کردارادا کیا۔ سیمنٹ، ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن، فرٹیلائزراور فوڈ اینڈ پرسنل کیئر پروڈکٹس میں تیزی کا رجحان رہا ۔

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں ایا ہے ۔ انٹر  بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی  ڈالر سستا ہوا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق منگل کو انٹربینک میں پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر  کے مقابلے میں 06 پیسے بڑھ گیا ۔ گزشتہ روز کے 285.41 روپے کے بند ہونے کے مقابلے میں 285.35 روپے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یورو کی قیمت 97 پیسے کمی کے ساتھ 305 روپے پر بند ہوئی جو گزشتہ روز 305.99 روپے پر بند ہوئی۔اماراتی درہم اور سعودی ریال کی شرح تبادلہ 03 پیسے اور 02 پیسے کم ہوئی ۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر آج بھی بے قابو رہا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان  (ایف اے پی  )کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خرید و فروخت کی شرح بالترتیب 313 روپے اور 316 روپے رہی۔

عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے ۔  ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج پھر 1700 روپے کی کمی ہوئی ۔

صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونا 1700 روپے کمی سے 2 لاکھ 32 ہزار 800 روپے جبکہ 10 گرام سونا 1458 روپے کمی  سے ایک لاکھ 99 ہزار 588 46 روپے  کا ہوگیا  ہے۔

متعلقہ تحاریر