الیکشن کی آمد آمد: وفاقی حکومت کا ترقیاتی اسکیموں کیلئے خزانے کا منہ کھولنے کا فیصلہ
اطلاعات کے مطابق شہباز شریف حکومت نے اراکین پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 89 ارب روپے جاری کرنے کی ٹھان لی ہے۔
حکومت کا الیکشن بجٹ لانے کا فیصلہ، شہباز شریف نے اراکین پارلیمنٹ کی اسکیموں کے لیے خزانے کا منہ کھولنے کی تیاری کرلی۔
وفاقی حکومت نے نئے بجٹ کو الیکشن کا بجٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی بجٹ 2023-24 کی مزید تجاویز سامنے آگئیں ہیں اور معاشی مشکلات کے باوجود ارکان پارلیمان کی اسکیموں کیلئے بھاری فنڈز رکھنے کی حکومتی تیاری مکمل کرلی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
شہزاد وسیم نے پارٹی رہنماؤں کے استعفوں کی بازگشت میں پی ٹی آئی سے وابستگی کا اعادہ کردیا
نفیسہ شاہ کا 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بجٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 89 ارب روپے رکھنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی بجٹ 2023-24 میں ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 89 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
جاری سال کے اصل بجٹ کے مقابلے میں پارلیمنٹرینز منصوبوں کیلئے 19 ارب اضافہ تجویز کیا گیا۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کیلئے 70 ارب روپے مختص کئے گئے۔
بعد ازاں پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کا بجٹ111 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا۔ نئے مالی سال آبی وسائل کے منصوبوں کیلئے 99 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں این ایچ اے کے لیے 92 ارب روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے۔ جبکہ نئے مالی سال ضم شدہ اضلاع کیلئے 55 ارب روپے کا بجٹ رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی حالات اس قبل نہیں کہ بجٹ میں شہ خرچیاں کی جائیں حکومت کو آئندہ بجٹ میں سادگی اپنانی چاہیے۔