اوپن مارکیٹ میں ڈالر 13 روپے سستا، فی تولہ سونا بھی ساڑھے 5 ہزار روپے کم ہوگیا

اوپن فارن ایکسچینج مارکیٹ میں ڈالر 13روپے کمی سے 298 روپے کی سطح پر آگیا، گزشتہ روز ڈالر311 سے 315 روپے ٹریڈ ہو رہا تھا جبکہ ایک تولہ سونے بھی ساڑھے پانچ ہزار روپے کم ہوا تاہم اسٹاک مارکیٹ میں معمولی کمی دیکھی گئی

کاروباری ہفتے چوتھے روز کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور مقامی کرنسی کے مقابلے میں اس کی قدر میں 13 روپے کی کمی ہوئی جبکہ سونے کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ۔

جمعرات کو اوپن فارن ایکسچینج مارکیٹ میں مقامی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 13 روپے کا نمایاں فرق دیکھا گیا  ہے جبکہ ایک تولہ سونا  کی قیمت بھی ساڑھے پانچ ہزار روپے  کم ہوگئی ۔

یہ بھی پڑھیے

ایف بی آر نے گزشتہ ماہ مئی میں 605 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کیے

اوپن فارن ایکسچینج مارکیٹ میں ڈالر13روپے کمی سے 298 روپے کی سطح پر آگیا جبکہ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر 311 سے 315 روپے کے درمیان خریدا اور فروخت کیا جارہا  تھا ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان ( ایس بی پی) کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 9 پیسے سستا ہوکر 285 روپے 38 پیسے پرآگیا۔ گزشتہ روز  ایک  امریکی  ڈالر 285 روپے47 پیسے پر بند ہوا تھا۔

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے  کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کی قیمت میں 27 روپے کمی دیکھی گئی ہے۔ بینک کے حساب سے ڈالر 27 روپے سستا ہوا ہے ۔

ملک بوستان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے رابطہ کرکے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ہائی ریٹس سے متعلق پوچھا جس پر انہیں بتایا کہ کمرشل بینکس کریڈٹ کارڈز کیلئے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خرید رہے ہیں۔

پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے اگلے چند روز میں ڈالر کی قیمتوں میں مزید کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حاجیوں کو بھی خصوصی فائدہ پہنچے گا ۔

دوسری جانب عالمی صرافہ بازار میں فی اونس سونے کی قیمت میں7 ڈالر اضافے کے باوجود مقامی صرافہ بازار میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 400 روپے کی نمایاں کمی   دیکھی گئی ہے ۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازار میں ایک تولہ سونا 5 ہزار 400 روپے کمی سے2 لاکھ 29 ہزار جبکہ دس گرام سونا4 ہزار 600 روپی کی کمی سے ایک لاکھ 96 ہزار روپے کا ہوگیا ۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ حصص بازارکا 100 انڈیکس  63 پوائنٹس کی کمی کے بعد41 ہزار 266 پر بند ہوا  جوکہ یا 0.15 فیصد کی منفی تبدیلی ہے ۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج 303 کمپنیز کے شیئرز کا لین دین ہوا جس میں سے 134 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 134 میں کمی دیکھی گئی ۔ 35 کمپنیز کے حصص کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم بدھ کے روز 158.1 ملین سے کم ہوکر99.95 ملین پر آگیا جبکہ گزشتہ سیشن میں 6.2 بلین روپے کے مقابلے میں ٹریڈ ہونے والے حصص کی قیمت 2.9 بلین روپے تک گر گئی۔

متعلقہ تحاریر