روسی خام تیل سے لدا پہلا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا
45 ہزار میٹرک ٹن روسی خام تیل سے لدا بحری جہاز ’پیور پوائنٹ‘ آج ہی کراچی بندرگاہ سے تیل کی ترسیل شروع کردیگا، 50 میٹرک ٹن تیل سے لدے دوسرے روسی جہاز کی آمد بھی رواں ہفتے متوقع، وزیراعظم نے روسی تیل کی آمد کو ایک اور وعدے کی تکمیل قرار دیدیا۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ روسی خام تیل سے لدا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا۔ تیل بردار بحری جہاز’پیور پوائنٹ‘ سےتیل کی ریفائنریز کو ترسیل آج ہی شروع ہوجائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے روسی تیل کی پاکستان آمد کو عوام سے کیے گئے اپنے ایک اور وعدے کی تکمیل اور پاک روس تعلقات کے نئے باب کی شروعات قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حکومتی نااہلی نے سستے روسی تیل کو بھی مہنگابنادیا
ملکی تاریخ میں پہلی بار روس سے خام تیل درآمد کیا گیا ہے۔تیل بردار جہاز ’پیور پوائنٹ‘ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق جہاز کو آج ہی کراچی پورٹ کی برتھ پر لگا دیا جائے گا اوریہ جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا ۔پاکستان ریفائنری تجرباتی بنیاد پر پہلےکارگو سے آنےوالے تیل کی صفائی کا کام شروع کرے گی۔ 50 میٹرک ٹن روسی تیل سے لدے دوسرے جہاز کی آمد بھی رواں ہفتے ہی متوقع ہے۔
آج میں نے اپنی قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے. مجھے یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ روس سے رعایتی قمیت پر خریدی گئی پہلی خام تیل کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے اور اسے کل بحری جہاز سے اتارنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا.
آج کا دن تاریخ میں ایک تاریخی تبدیلی کے…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 11, 2023
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج میں نے اپنی قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے، مجھے یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ روس سے رعایتی قیمت پر خریدے گئے خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے اور اسے کل بحری جہاز سے اتارنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ آج کا دن تاریخ میں ایک تاریخی تبدیلی کے دن کے طور پر یاد کیا جائے گا،ہم نے خوشحالی، معاشی ترقی، توانائی سلامتی اور کم لاگت ایندھن کی فراہمی کی طرف آج پہلا اور انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے، تاریخ میں روس سے پاکستان آنے والے خام تیل کی یہ پہلی کھیپ ہے اور یہ روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے
وزیراعظم نے کہاکہ اس موقع پر میں ان تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جو اس قومی اقدام کی تکمیل میں شریک رہے اور روس سے خام تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کیا۔