اسٹاک میں مسلسل دوسرے روز مندی؛ ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں جمود کے باوجود مسلسل دوسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 7 روپے سستا ہوا، ایک تولہ سونا بھی 4 ہزار روپے کمی سے 2 لاکھ 21 ہزار ہو گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی منفی رجحان رہا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر مہنگا اور اوپن مارکیٹ نمایاں طور پر سستا ہوا۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی چار ہزار روپے کمی  دیکھی گئی۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان رہا۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا جبکہ فی تولہ سونا کی قیمت میں  نمایاں کمی ہوئی ۔

یہ بھی پڑھیے

رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو  مندی دیکھی گئی ۔ پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 244 پوائنٹس کمی سے 41 ہزار 538 پر بند ہوا جوکہ صفر اشاریہ 58 فیصد کی منفی تبدیلی ہے ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے شرح سود میں جمود کے باوجود مسلسل دوسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی جبکہ سرمایہ کاروں نے بھی محتاط رویہ اختیار کیے رکھا ۔

حصص بازار میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان رہا تاہم ٹریڈنگ کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی مارکیٹ  منفی رجحان پر آگئی  اور ٹریڈنگ کے اختتام پر انڈیکس  میں 244 پوائنٹس کمی ہوئی۔

ہیوی آٹوموبائل، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور بینکنگ سیکٹر دباؤ کا شکار رہے۔آج 327 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 91 میں اضافہ جبکہ  208 میں کمی  کا رجحان دیکھا گیا ۔

دوسری جانب پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں  امریکی ڈالر کی قدر میں ملا جلا رجحان رہا۔  انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ جبکہ اوپن مارکیٹ میں نمایاں کمی  دیکھی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 34 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 287روپے97 پیسے کا ہوگیا ۔

فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (ایف اے پی)کے مطابق آج اوپن  کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی آئی ۔ ایک امریکی  ڈالر 7 روپے کمی سے 298 روپے کاہوگیا ۔

چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہاہےکہ بینکوں نے آج 5 ملین ڈالر ایکسچینج کمپنیوں کو دیے توڈالر305 سے کم ہوکر298 پر آگیا ہے، اس میں مزید کمی آئے گی ۔

ملک بوستان کا کہناتھاکہ آج ڈالر کے انٹربینک اور اوپن ریٹ میں دس روپے کا فرق ہے۔کمرشل بینکس سے مزید ڈالر کی امد کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 295 کا ہوجائے گا ۔

ملک بوستان نے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈالر 305 روپے کا ہوگیا تھا۔ ڈالر نہ ہونے پر گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی تو انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی رکے ہوئے ڈالر فوراً ادا کریں۔

عالمی صرافہ بازار میں فی اونس سونے کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مقامی صرافہ بازار میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں4 ہزار جبکہ 10 گرام سونا ساڑھے تین ہزار روپے سستا ہوا ۔

سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونا 4 ہزار روپے کمی سے2 لاکھ 21 ہزار500 روپے جبکہ 10گرام سونا ساڑھے تین ہزار کی کمی سے ایک لاکھ 90 ہزار کا ہوگیا ہے ۔

متعلقہ تحاریر