پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 بلین ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی، اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ بقیہ 1.8 بلین ڈالر دو جائزوں کے بعد موصول ہوں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رقم جمع کرانے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ اسٹینڈ بائی معاہدے کے تحت انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے طے شدہ تین میں سے پہلی قسط موصول ہو گئی ہے۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ رات قرضہ پروگرام کی منظوری دی۔

پروگرام کے تحت پاکستان کو 9 ماہ کے دوران آئی ایم ایف سے 3 بلین ڈالر ملنا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 ارب ڈالر میں سے 1.2 بلین ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسٹیٹ بینک کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں، اسحاق ڈار

پاکستان کو یو اے ای سے ایک ارب ڈالر مل گئے، اسحاق ڈار

انہوں نے مزید کہا کہ بقیہ 1.8 بلین ڈالر دو جائزوں کے بعد وصول کیے جائیں گے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے فنڈنگ ہونے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں ایک ہفتے میں 4.2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، وزیر نے اعلان کیا، 14 جولائی کو اکاؤنٹ میں 14 ارب ڈالر کے ذخائر ہوں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر وزارت خزانہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فنڈنگ سے پاکستان تیزی سے ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہوگا۔

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ایک ارب ڈالر جمع کرانے پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ "وقت کی ہر آزمائش میں دوست اور برادر ملک متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کی حمایت کے لیے آگے آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ "پاکستان نے دل کی گہرائیوں سے اس حسن سلوک کا معترف ہے ، آپ کی ان کوششوں سے پاکستانی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔”

متعلقہ تحاریر