سی سی پی کا ہنڈائی نشاط موٹرز کو دھوکہ دھی پر نو ٹس

سی سی پی نے ہنڈائی کی جانب سے  پرنٹ میڈیا اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلائی جانے والی مارکیٹنگ مہم کے بعد اس معاملے پر ازخود نوٹس لیا ہے۔

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے ہنڈائی نشاط موٹر کو بادی النظر میں اپنے نئے متعارف کرائے گئے گاڑیوں کے ماڈل ایس یو وی ہنڈائی ٹکسن کی دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر اور مسابقتی ایکٹ کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

سی سی پی نے ہنڈائی کی جانب سے  پرنٹ میڈیا اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلائی جانے والی مارکیٹنگ مہم کے بعد اس معاملے پر ازخود نوٹس لیا ہے۔ ہنڈائی ٹکسن کی تشہیری مہم میں ہنڈائی نشاط موٹرز نے ’ابتدائی تعارفی قیمت‘  کو بڑے فونٹ سائز میں واضح طور پر استعمال کیا ہے جب کہ انتباہ ’محدود مدت کے لئے‘ بہت چھوٹی لکھائی میں اور غیر واضح طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سی سی پی کو یہ بھی معلوم ہواہے کہ ہنڈائی نشاط نے ہنڈائی ٹکسن کی ابتدائی بکنگ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے لیے جاری رکھی جس کے بعد قیمت میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت جاری رہنے والی ابتدائی بکنگ کے بعد ہنڈائی کمپنی نے اعلان کر دیا کہ ابتدائی تعارفی قیمت پر ہنڈائی ٹسکن کے تمام یونٹس بُک کیے جاچکے ہیں اور اس کی ویب سائیٹ،  فیس بک اور انسٹا گرام کے پیجز سے ابتدئی نرخ ہٹا دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے

ریکٹ بینکیزر پر دھوکہ دہی کی وجہ سے 15 کروڑ روپے جرمانہ

سی سی پی کی تحقیقات کے مطابق انتباہ کا غیر واضح ہونا صارفین کے لئے گمراہ کن ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس تشہیری مہم میں مجموعی طور پر ہنڈائی نے صارفین کو اس بارے میں لاعلم رکھا کہ ابتدائی تعارفی قیمت کتنے عرصے کے لئے ہے اور کتنی گاڑیاں اس ابتدائی تعارفی قیمت میں دستیاب ہوں گی جو کہ بادی انظر میں مسابقتی ایکٹ کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی ہے۔

اس لیے سی سی پی نے ہنڈائی موٹرز کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر اس شو کاز نوٹس کا جواب دینے کا کہا ہے۔

سی سی پی کو مسابقتی ایکٹ کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین اور کاروباری اداروں کو دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر اور مسابقت مخالف سر گرمیوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کرے۔

متعلقہ تحاریر