سلک بینک نے سالانہ رپورٹ کے لیے توسیع مانگ لی

وزیر خزانہ شوکت ترین اور اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر کے درمیان بدھ کے روز ملاقات کے دوران کرونا کی وباء میں جاری معاشی پالیسیوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

پاکستان کے سلک بینک لمیٹڈ (ایس بی ایل) نے سال 2020 کے سالانہ رپورٹ (کلوزنگ) کو حتمی شکل دینے اور شائع کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے ایک مرتبہ پھر 30 جون تک توسیع کی درخواست کردی ہے۔ سلک بینک کی  جانب سے یہ درخواست وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر کے درمیان بدھ کے روز ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔

روزنامہ ڈان لاہور کی رپورٹ کے مطابق سلک بینک نے توسیع اس بنا پر طلب کی ہے کیونکہ حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) ان کے کریڈٹ کارڈز، صارفین کے اکاؤنٹس، صارفین کے قرضہ جات اور حالیہ معاشی صورتحال کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کررہا ہے۔

روزنامہ ڈان کے مطابق اس بات کا انکشاف کمپنی کے سیکریٹری نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے جواب میں سالانہ اجلاس عام (اے جی ایم) کے موقع پر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سال2021 میں زرعی شعبے کے اہداف کیا ہیں؟

ابتدائی طور پر اسٹاک ایکسچینج کی مینجمنٹ نے سلک بینک کو 30 مارچ تک سالانہ جنرل اجلاس (اے جی ایم ) کرنے کی ہدایت کی تھی، بعدازاں اس میں 30 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی کیونکہ فوجی فاؤنڈیشن نے سلک بینک لمیٹڈ (ایس بی ایل) کو خریدے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ بینک بورڈ نے 7 اپریل کو ایچ بی ایل کو تیزی سے کام مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

DAILY TIMES

 ستمبر 2020 میں سلک بینک کے سرمایہ کاری تناسب (سی اے آر) کا حجم 5 اعشاریہ 81 فیصد سے کم ہو کر 4 اعشاریہ 16 فیصد پر آگیا تھا جبکہ اسٹیٹ بینک کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق کسی بھی بینک کو دیوالیہ ہونے بچنے کے لیے اس کے اپنے ذاتی سرمائے کا حجم 11 فیصد ہونا لازمی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے موجودہ وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر قیادت آئی سی ایف، بینک مسقط اور نمورا انٹرنیشنل پر مشتمل کنسورشیم نے نے 2008 میں سلک بینک کے 86 اعشاریہ 55 حصص خریدے تھے۔

شوکت ترین اور رضا باقر کی ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بدھ کے روز ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں کرونا کی وباء کے دوران مختلف کاروباروں کے فروغ کے لیے اٹھائے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات کے دن ہی سلک بینک نے مرکزی بینک کو کلوزنگ کی تاریخ میں توسیع کا خط لکھ دیا ہے۔ البتہ فی الحال اس پر مرکزی بینک کا کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین نے کرونا کی وبا کے دوران چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے تحفظ کے لیے مرکزی بینک کے اقدامات کو سراہا جبکہ وزیر خزانہ نے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن ڈجیٹل اکاؤنٹس کے اقدام کو بھی سراہا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملکی معشیت کے استحکام اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ بہترین اصلاحات کرکے معشیت کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

سلک بینک سالانہ رپورٹ
@PTIofficial

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی تھی جس میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ نئے وزیر خزانہ معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلئے بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے۔

متعلقہ تحاریر