کمزور معیشت کو مکمل بند کرنا بہت خطرناک ہے، عتیق میر
عتیق میر کا کہنا ہے کہ اگر کاروبار نہیں کھولا گیا تو عید کے بعد کئی صنعتیں مشکل میں آجائیں گی۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ ’لاک ڈاؤن کی وجہ سے جن لوگوں نے کرائے کی دکانیں چھوڑیں وہ آج تک واپس نہیں آسکے۔ جو مقروض ہوئے وہ آج تک قرض ادا نہیں کر پائے۔ ٹوٹی ہوئی معیشت کو مکمل بند کرنا بہت خطرناک ہے۔‘
نیوز 360 کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’حکومت مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ نہیں چاہتی لیکن کرونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے تاہم تجارت کا وقت مختصر کرنا نقصاندہ ہے۔‘
عتیق میر نے کہا کہ ’اگر کاروبار نہیں کھولا گیا تو عید کے بعد کئی صنعتیں مشکل میں آجائیں گی اور دیہاڑی دار طبقے میں بےروزگاری بڑھے گی۔ جب بےروزگاری بڑھے گی تو جرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔‘
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری میں حکومت ناکام
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک بہتر کام کرنے سے 10 خرابیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عید کے لیے تیار شدہ سامان کو فروخت کرنے کی مہلت دے۔‘
جبکہ کنزیومر پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے نیوز 360 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کرونا کی وباء پھیل رہی ہے لیکن عوام کو خریداری بھی کرنی ہے۔ تاجروں نے جو کروڑوں روپے مالیت کا سامان رکھا ہوا ہے وہ اس کی فروخت کے منتظر ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دنیا میں جہاں جہاں بھی وباء کا زور ہے وہاں لاک ڈاؤن نافذ ہے اور پاکستان میں وزیراعظم عمران خان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی نئی اصطلاح متعارف کروائی ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہماری معیشت چلتی رہی۔‘
آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر اور کنزیومر پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے نیوز 360 کو دیے گئے انٹرویو میں مزید کیا کہا؟ آپ بھی دیکھیے









