عالمی سرمایہ کار پاکستان کی معاشی پالیسیز کے معترف

واپڈا نے اپنے منصوبوں کی تکمیل کےلیے عالمی سرمایہ کاری مارکیٹ میں 50 کروڑ ڈالرز کے گرین بانڈز جاری کیے ہیں۔

پاکستان کی واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے اپنے پہلے 50 کروڑ ڈالرز کے گرین یورو بانڈ کو عالمی مالیاتی مارکیٹ میں متعارف کرادیا ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے واپڈا یورو بانڈز میں بڑے پیمانے پر بولی موصول ہوئی ہے جو کہ پاکستان کی معاشی پالیسیز پر اعتماد کا اظہار ہے۔

پاکستان واپڈا کی جانب سے انڈس بانڈ کے نام سے جاری 10 سالہ گرین یورو بانڈ کی مسابقتی قیمت 7.5 فیصد شرح سود مقرر کی گئی ہے۔ گرین یورو بانڈ 2031 میں اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔ یہ بانڈز واپڈا کے مالیاتی منصوبے میں سرمایہ کاری اور عمدآرمد میں معاون و مددگار ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایکس میں 2 ارب روپے سے زائد کا ریکارڈ کاروبار

پاکستان واپڈا نے حکومت پر مالی ذمہ داری ڈالے بغیر یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ گرین یورو بانڈ میں دنیا بھر کے اچھی ساکھ رکھنے والے اداروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ گرین یورو بانڈ میں دلچسپی لینے والے اداروں میں گولڈمین ساچیز، بلیک روک، بلیوبے، فیڈیلیٹی، ایشمور، آمنڈی اور یو بی ایس شامل ہیں۔

پاکستان واپڈا کو اپنے اگلے 5 سالہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے 2 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی ضرورت ہے جس میں سے آدھی رقم آئندہ 2 سالوں میں استعمال کی جائے گی۔ واپڈا اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری مارکیٹ میں مزید بانڈز جاری کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔ 50 کروڑ ڈالرز کے گرین یورو بانڈز کا اجراء اس کی پہلی قسط ہے۔

پاکستان کے معروف صحافی اور اینکر پرسن کامران خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری مارکیٹ سے پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبریں آرہی ہیں۔ پاکستان واپڈا نے 50 کروڑ ڈالرز کے گرین بانڈز متعارف کرائے ہیں۔ عالمی سرمایہ کاری مارکیٹ میں واپڈا گرین بانڈ کو ابتدائی طور پر 1 ارب 80 کروڑ ڈالرز کی بولی موصول ہوئی ہے۔ یہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان کی معاشی پالیسیز پر اعتماد کا اظہار ہے۔

پاکستان واپڈا کے گرین یورو بانڈ کو لندن اسٹاک ایکسچینج نے 24 مئی کو اپنی فہرست شامل کیا تھا جبکہ ابھی اس کا افتتاح ہونا باقی ہے۔ گرین یورو بانڈ کا باقاعدہ افتتاح 31 مئی کو پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اونچی اڑان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کے روز 2 ارب روپے سے زائد حصص (شیئرز) کا کاروبار ہوا تھا۔ یہ پی ایس ایکس کی تاریخ میں ایک دن کی سب سے بڑی خرید و فروخت تھی۔

اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز بھی کاروباری حجم کے لحاظ سے ایک دن میں ایک ارب 56 کروڑ حصص کا ریکارڈ کاروبار ہوا تھا۔

متعلقہ تحاریر