مالی سال 2020-21 کے اختتام پر ریکارڈ منافع

مالی سال 2020-21 کے آخری روز 100 انڈیکس نے 47 ہزار 460 پوائنٹس کی حد کو چھو لیا تھا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے گزشتہ 5 سالوں کے مقابلے میں مالی سال 2020-21 کے اختتام پر 37 فیصد منافع ظاہر کیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج مالی سال 2020-21 کے اختتام پر 100 انڈیکس 12 ہزار 934 پوائنٹس اضافے سے 47 ہزار 356 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مالی سال 2019-20 میں یہ اضافہ صرف 520 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، گیس دستیاب نہیں، عوام کہاں جائیں

مالی سال 2020-21 کے آخری روز کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے 47 ہزار 460 پوائنٹس کی حد کو چھو لیا تھا تاہم مارکیٹ پروفٹ گیننگ کی وجہ سے اپنی حد قائم نہ رکھ سکی۔ مارکیٹ کے مالیاتی حجم میں 57 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ایس ایکس کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مالی سال 2020-21 کے آخری روز کمرشل بینکس کے سیکٹر میں 77 پوائنٹس، تیل اور گیس سیکٹرز میں 57، فارماسیوٹیکل سیکٹر میں 28 اور انویسٹمنٹ بینکس سیکٹر میں 21 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب متعدد شعبوں کے انڈیکس میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹیکنالوجی اور مواصلات میں 22 پوائنٹس، زراعت کے شعبے میں 36، آٹوموبائل میں 7 پوائنٹس جبکہ گلاس اور سرامکس کے شعبے میں 3 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ تحاریر