میٹھی چینی کے کڑوے ذائقے سے عوام بےحال

ایک کلو چینی کی قیمت 110روپے تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں ایک مرتبہ پھر چینی کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ ایک کلو چینی کی قیمت 100 روپے سے تجاوز کرگئی۔ عیدالاضحیٰ سے پہلے چینی مہنگی ہونے سے غریب عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

بجٹ میں چینی پر سیلز ٹیکس کی شرح میں 17 فیصد تک اضافے کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ملک کے 16 بڑے شہروں میں فی کلو گرام چینی کی قیمت میں 2 سے 10 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 102 روپے سے 110 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

شماریات بیورو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کراچی اور اسلام آباد میں چینی 10 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔ چینی کی قیمت میں یہ حالیہ اضافہ دیگر شہروں کی نسبت سب سے زیادہ ہے۔  دونوں شہروں میں عوام مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی کی بڑھتی شرح نے وزیراعظم کی نیند اڑا دی

اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے میں لاہور، راولپنڈی اور بہاولپور میں چینی 5 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، جس کے بعد ان شہروں میں چینی کا ریٹ 105 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔

سرگودھا، سکھر اور بنوں میں چینی کی قیمت میں 4 روپے اضافہ ہوا۔ اسی طرح لاڑکانہ اور خضدار میں چینی کے دام میں 3 روپے تک اضافہ دیکھا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران حیدرآباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں چینی کی قیمت میں 2 روپے تک اضافہ ہوا۔ ان تمام شہروں میں اب چینی 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

چینی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر ریکارڈ اضافے پر غریب عوام پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ عید کے دنوں میں گھروں میں میٹھی سوغات بناتے ہیں لیکن اس بارعیدالاضحیٰ پر حکومت نے ان سے یہ چھوٹی سی خوشی بھی چھین لی ہے۔

متعلقہ تحاریر