مہنگائی ہی مہنگائی، یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی جانا فضول
گھی، تیل، صابن، شیمپو اور خشک دودھ سمیت 95 اشیاء مہنگی ہوگئیں۔
حکومت نے غربت سے ستائی عوام پر ایک اور مہنگائی کا بم گرا دیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اشیاء ضروریہ کے دام بڑھنے پر غریب عوام نے یوٹیلٹی اسٹورز کا رخ کرنا ہی چھوڑ دیا ہے۔
وفاقی حکومت تواتر سے مہنگائی میں اضافہ کررہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بعد عام مارکیٹ میں آٹا، چینی اور گھی سمیت دیگر اشیاء کے دام بڑھا دیے گئے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر ملنے والی سستی اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔
وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی، کوکنگ آئل، صابن، شیمپو، کپڑے دھونے کے صابن اور بچوں کے خشک دودھ سمیت مجموعی طور پر 95 اشیاء مہنگی کردی ہیں۔ حکومت نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر عمل میں لایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل 46 روپے فی لیٹر مہنگا اور گھی کی قیمت میں 34 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بچوں کا خشک دودھ 10 سے 40 روپے تک مہنگا ہوا۔ اسی طرح شیمپو کی بوتل 20 روپے مہنگی کردی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نہانے کے صابن کی قیمت میں 3 سے 7 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگائی بڑھنے کی شرح، 14 ماہ کی بلند ترین سطح عبور
گزشتہ ہفتے یوٹیلٹی اسٹورز پر عوام کو وزیراعظم پیکچ کے تحت ملنے والی سبسڈی بھی ختم کردی گئی تھی جس کے بعد گھی فی کلو 90 روپے مہنگا ہوگیا تھا۔ چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 150 روپے مہنگا کیا گیا تھا۔
ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ غریب عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں انہیں یوٹیلٹی اسٹورز سے کچھ ریلیف مل جاتا تھا لیکن اب حکومت نے ان سے وہ سہولت بھی چھین لی ہے۔