"میڈ ان پاکستان” فور جی اسمارٹ موبائل فونز کی پہلی کھیپ برآمد
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے مطابق 5ہزار 500 موبائل فونز مشرق وسطیٰ کو روانہ کردیے گئے ہیں۔
ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ میں پاکستان نے بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ” میڈ ان پاکستان” کے ٹیگ کے ساتھ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو فور جی اسمارٹ فونز کی پہلی کھیپ برآمد کردی ہے۔
ٹیلی کمیونیکیشن کے میدان میں پاکستان کو تاریخ ساز کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اسمارٹ فونز کی برآمدات کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامے کے تحت "انووی ٹیلی کام” نے دیگر ممالک کے لیے اسمارٹ فونز کی برآمدات شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں موبائل فونز بنانے کے لیے سام سنگ اور ہواوے میں مقابلہ
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے لکھا ہے کہ” آج پاکستان کی برآمدات کے لیے ایک بہت بڑا دن ہے کیونکہ انووی ٹیلی کام نے 5 ہزار 500 "میڈ ان پاکستان” فور جی موبائل فونز کی پہلی کھیپ مشرق وسطیٰ کو برآمد کردی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ویلیو ایڈڈ برآمدات کے دور کا آغاز ہوگا۔”
It’s a great day for Pakistan’s exports as Inovi Telecom has just exported the first consignment of 5,500 “Made in Pakistan” 4G mobile phones to the Middle East. We hope that this will be the beginning of an era of high value-added exports from Pakistan.
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) August 14, 2021
پی ٹی اے اور پوری پاکستانی قوم نے کمپنی کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملک میں موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے حوالے سے نظام کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈیوائس آئیڈینٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے کامیاب نفاذ اور حکومتی پالیسیز بشمول موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی کی بدولت پاکستان میں موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ان پالیسیز کے نتیجے میں پی ٹی اے کی جانب سے "انووی ٹیلی کام پرائیویٹ لمیٹڈ” کو 9 اپریل 2021 کو موبائل مینوفیکچرنگ کی اجازت جاری کی گئی تھی۔ جس کے 4 ماہ کے اندر کمپنی نے پاکستان میں بنائے گئے موبائل فون برآمد کرنا شروع کر دیے ہیں۔ برآمد ہونے والے فور جی موبائل اسمارٹ فونز کراچی میں تیار کیے جا رہے ہیں۔