تاریخی سرمایہ کاری حاصل کرنے پر وزیراعظم کی ایئرلفٹ کو مبارکباد

کمپنی نے ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

پاکستان میں آن لائن گروسری ڈلیوری سروس کا آغاز کرنے والی کمپنی ایئر لفٹ نے اپنے کاروبار کی شروعات میں ہی ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرکے کارنامہ سرانجام دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کمپنی کے نوجوان سی ای او کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ملکیوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقعے پیدا کرنے کا پختہ عزم کیے ہوئے ہے۔

لاہور میں موجود ایئر لفٹ کمپنی نے پہلے آن لائن پبلک ٹرانسپورٹ کا آغاز کیا لیکن کرونا وبا کے بعد کمپنی نے اپنا کاروبار تبدیل کرتے ہوئے آن لائن گروسری ڈلیوری سروس فراہم کرنا شروع کردی ہے۔ ایئرلفٹ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی کاروبار کی شروعات میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کی آن لائن کمپنی میں ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت سرمایہ کاروں کو مزید مواقعے فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے دروازے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

عید پر کے پی کے میں سیاحوں کی آمد، 66 ارب روپے کا ریکارڈ کاروبار

وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ پر کمپنی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایئرلفٹ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ کمپنی کے سنگ میل پر توجہ مرکوز کرنے پر وہ وزیراعظم کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم کے بیان سے مستقبل میں پاکستانی اسٹارٹ اپس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ایئر لفٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو سراہا ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی پر اعتماد قابل فخر ہے۔

متعلقہ تحاریر