اشیاء ضروریہ زمین پر لیکن قیمتیں آسمان پر

عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ روز اپنی  3 سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی۔ عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی  ٹی  آئی  نے اپنے 3 سالہ دور اقتدار میں جہاں معیشت کی بحالی اور خارجہ پالیسی میں کامیابیاں سمیٹی ہیں وہیں انہیں مہنگائی پر کنٹرول نہ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ غریب عوام نے حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے بہت امیدیں لگائی تھیں لیکن اس کے برعکس حکمرانوں نے انہیں خود سوزی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا، دال، چاول، چینی، پیٹرول، بجلی اور گیس سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت نے مہنگائی پر کنٹرول کے علاوہ روزگار دینے کا بھی وعدہ کیا  تھا لیکن لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی کی بڑھتی شرح نے وزیراعظم کی نیند اڑا دی

شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اشیاء ضروریہ کی چیزوں میں کمی لائے اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرئے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔

دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعتوں نے 3 سالہ حکومتی کارکردگی کو بدترین قرار دے کر وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص کارکردگی پر پی ڈی ایم کی جانب سے وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جس کا مقصد حکومت کی نااہلیت کو قوم کے سامنے لانا ہے۔

متعلقہ تحاریر