پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

جولائی 2021 میں گاڑیوں کی فروخت 99 ارب روپے سے بڑھ کر 314 ارب روپے ہوگئی ہے۔

پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے بعد ان کی فروخت میں حیرت انگیز طور پر ضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی 2021 میں گاڑیوں کی فروخت 99 ارب روپے سے بڑھ کر 314 ارب روپے ہوگئی ہے۔
حکومت کی جانب سے مالی سال 2021- 22 کے بجٹ میں ٹیکسز پر چھوٹ دینے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ حکومتی اقدام سے مالی سال 2021-2022 کے پہلے مہینے میں گاڑیوں کی خریداری میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
معاشی ماہرین نے گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کو شرح سود میں کمی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک نے مارچ سے جون 2020 تک سود کی شرح 7 فیصد کردی تھی اس لیے ہی جون 2020 سے جولائی 2021 تک گاڑیوں کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بجٹ 2021-22 کے بعد مقامی سطح پر تیار کی گئی گاڑیوں کی فروخت میں بھی ترقی دیکھی گئی ہے اور اس میں جون 2020 کے مقابلے میں 104 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کی ایک وجہ کرونا وائرس بھی ہے،سفری پابندیوں کی وجہ سے لوگوں نے اپنی نقل وحرکت کم کردی تھی اور بچت کی گئی رقم نئی گاڑیوں کی خریداری پر خرچ کی جارہی ہے۔

متعلقہ تحاریر