کرونا پابندیوں کے خلاف تاجروں کا بھوک ہڑتال کا اعلان

تاجروں کے مطابق حکومت کی جانب سے کاروبار کی بندش کا نوٹیفکیشن واپس نہ لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔

کراچی کی تاجر برادری نے رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے آج سے بھوک ہڑتال کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کرونا پابندیوں کے باعث انہیں سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن واپس نہ لینے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

چیئرمین آل کراچی تاجر الائنس حکیم شاہ نے نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا پابندیوں کے خلاف آج سے ایم اے جناح روڈ پر بھوک ہڑتال کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں تمام مارکیٹس کی تاجر تنظیمیں شرکت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں کے تاجروں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگ چکی ہے، ایسے میں کاروبار کو بند کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہفتے کے ساتوں دن کاروبار کو کھولنے کی اجازت دی جائے اور کاروبار کے اوقات کار میں بھی اضافہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

مفتاح اسماعیل کاروباری فائدے کے سوال پر بوکھلاہٹ کا شکار

دوسری جانب تاجر رضوان عرفان نے کہا کہ وہ رات 8 بجے تک کاروبار بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ ہفتے میں دو دن کے بجائے صرف ایک دن ہی کاروبار بند رکھنے کی اجازت دی جائے تا کہ وہ بہتر طریقے سے روزی  کما  سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے تاجروں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ دکانیں بند ہونے سے تاجر دکانوں کا کرایہ اور اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کر پارہے ہیں، جس کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

متعلقہ تحاریر