حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کو بریک نہ لگ سکا
اگست میں کوکنگ آئل، گھی، ٹماٹر اور دیگر اشیاء مہنگی ہوئی ہیں۔
حکومتی کوششوں کے باوجود ملک میں مہنگائی کی شرح میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگست کے مہینے میں کوکنگ آئل، گھی، ٹماٹر اور دیگر اشیاء مہنگی ہوئی ہیں۔
ملک میں مہنگائی کی بلند شرح نے عوام کو چکرا دیا ہے۔ حکومت کے دعوؤں کے باوجود عوام کو گھی، چینی، گوشت، دودھ اور آٹے کی قیمتوں میں ریلیف نہیں مل سکا ہے۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کے مطابق ملک بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اشیاء خورونوش غریب اور سفید پوش طبقے کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق جولائی کی نسبت اگست میں ٹماٹر 17.84 فیصد، سبزیاں 12.52 فیصد، دودھ 1.94 فیصد، گھی 1.75 فیصد، کوکنگ آئل 1.11 فیصد، چینی 1.36 اور آلو 1.84 فیصد مہنگے ہوئے۔ اگست میں شہروں میں مرغی کا گوشت 11.98 فیصد ، پھل 7.75 فیصد اور چنے کی دال 5.18 فیصد سستی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگائی ہی مہنگائی، یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی جانا فضول
اعداد و شمار کے مطابق اگست 2020 کے مقابلے اگست 2021 میں شہری علاقوں میں گھی 36.34 فیصد، کوکنگ آئل 33.96 فیصد، ٹماٹر 35.15 فیصد، انڈے 23.68 فیصد، چکن 20.47 فیصد، دودھ 10.64 اور گوشت 13.71 فیصد مہنگا ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگست میں سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں 19.35 فیصد، پیاز 1.36 اور گندم کی قیمتوں میں 1.03 فیصد کمی ہوئی لیکن یہ کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران تعلیمی اخراجات میں 3 اور علاج معالجہ میں 9 فیصد اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ اور مکانات کے کرائے بھی 9 فیصد سے زائد بڑھے ہیں۔