حکومت نے رواں مالی سال کے دوران ساڑھے 13 ارب ڈالر کا ریکارڈ قرض لیا
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب سے تین ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کی مد میں حاصل کئے گئے۔

رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں غیر ملکی قرضوں کا سونامی جاری رہا ، 13 ارب 54 کروڑ ڈالر کا قرضہ حاصل کیا گیا، سعودی عرب تعاون میں سر فہرست رہا۔
وزارت اقتصادی امور کی قرضوں سے متعلق رپورٹ کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا۔
یہ بھی پڑھیے
آئی ایم ایف نے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے دعوؤں کو غلط ثابت کردیا
شوگر مافیا پھر سرگرم، ن لیگ کی حکومت سے چینی برآمد کی اجازت مانگ لی
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے بیرونی قرضوں سے متعلق جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں 14 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرضہ کا تخمینہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق صرف مئی میں پاکستان نے 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ماہ مئی میں کمرشل بینکوں سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی قرضوں میں 4 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد کے کثیر الجہتی قرضے لئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 2 ارب 62 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرض لیا گیا، 11 ماہ میں 59 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے زائد کے دوطرفہ قرضے لئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سکوک بانڈز کے اجراء سے 2 ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ حاصل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو سب سے زیادہ رقم سعودی عرب نے دی۔ رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب سے تین ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کی مد میں حاصل کئے گئے۔









