ملک بھر میں بجلی کا بحران شدیدتر: شارٹ فال 9000 میگاواٹ تک پہنچ گیا

شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 9000 میگاواٹ کے قریب پہنچ گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ عوام کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بجلی بحران نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے۔ پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 911 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف نے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے دعوؤں کو غلط ثابت کردیا

بائیکیا سرمایہ کاروں سے ایک کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے میں کامیاب

دوسری جانب ملک میں بجلی کی طلب کا تخمینہ 30,233 میگاواٹ ہے جبکہ مجموعی پیداوار کا تخمینہ 21,322 میگاواٹ ہے۔ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اور بلوچستان میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لائن لاسز کی وجہ سے 2000 میگاواٹ سے زائد بجلی ضائع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

کے الیکٹرک اور لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں تکنیکی خرابیوں کا بہانہ بنا کر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کرتی رہتی ہیں۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ٹرپنگ اور اوور لوڈنگ کی وجہ  بھی لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا سبب رہی ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے شہریوں نے کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مختلف مقامات پر سڑکیں بلاک کی تھیں، جبکہ پولیس کی جانب سے کیئے جانے والے لاٹھی چارج سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی تھیں۔

متعلقہ تحاریر