ایف بی آر کی تاجروں کو نئی ٹیکس اسکیم پر پیشگی مشاورت کی یقین دہانی
واضح رہے کہ اجلاسوں کا اگلا دور آئندہ ہفتے تاجر تنظیموں کے ساتھ ہوگا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین عاصم احمد نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ریٹیلرز پر ٹیکس کی کوئی بھی نئی اسکیم ان سے مشاورت کے بعد بنائی جائے گی اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے اسلام آباد میں ایف بی آر ہاؤس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے مرکزی تنظیم تاجیران کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگائی نے ملک میں 47 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ دیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اگست میں ہدف سے 6 ارب روپے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرلیا
چیئرمین نے مجوزہ ٹیکس اسکیم کے خدوخال کے حوالے سے تجاویز طلب کیں جو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے محصولات کو یقینی بنانے کا مقصد پورا کرے گی۔
تاجروں نے ایف بی آر کے فعال مشاورتی نقطہ نظر کے اقدام کو سراہا اور اس مسئلے پر مختلف تجاویز پیش کیں۔
گزشتہ ہفتے چیئرمین نے آل پاکستان انجمن تاجران کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی۔
دونوں میٹنگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کہا تھا کہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی سطح پر بھی فالو اپ میٹنگز کا تسلسل جاری رکھا جائے گا ، تاکہ مشاورت اور اتفاق رائے سے ریٹیلرز اور تاجروں کے لیے ٹیکس لگانے کی ایک قابل عمل اسکیم تیار کی جاسکے۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد نے تاجروں سے درخواست کی گئی کہ وہ آپس میں مشاورت کا عمل جاری رکھیں ، اور آئندہ ماہ شروع ہونے والی مستقبل کی ٹیکس اسکیم کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں۔
واضح رہے کہ اجلاسوں کا اگلا دور آئندہ ہفتے تاجر تنظیموں کے ساتھ ہوگا۔









