ملک بھر میں آٹے کے دام بے لگام،کراچی 110اور کوئٹہ میں 115 روپے کلو ہوگیا

کوئٹہ میں20 کلو آٹے کا تھیلا 380روپے اضافے سے 2300 روپے تک پہنچ گیا،کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2200 روپے، حیدر آباد میں 2100 روپے تک پہنچ گئی، ادارہ شماریات

ملک بھر میں آٹے کے دام بے لگام ہوگئے، ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں نئی انتہا کو پہنچ گئیں۔ بلوچستان کے عوام سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور، کوئٹہ میں  ایک کلو آٹا   115روپے اور کراچی میں 110 روپے کلو تک پہنچ گیا۔

ملک بھر میں آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ کوئٹہ کے شہری سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

چین کی باؤ اسٹیل کی پاکستان اسٹیل ملز میں  1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری  کی پیشکش

کاشتکاروں کیلیے خوشخبری، اسٹیٹ بینک نے زرعی قرض کی حد بڑھادی

 

محکمہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے تک پہنچ گیا ہے ایک ہفتے میں کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مزید 380 روپے مہنگا ہوا ہے اور اس کے دام  1920 روپے سے بڑھ کر  2300 روپے تک جا پہنچے ہیں۔

کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ حیدر آباد میں آٹے کا20کلو کا تھیلا 2100 روپے ،خضدار میں 1950،لاڑکانہ میں 1900روپے اور سکھر میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1880 روپے تک پہنچ گئی ہے۔   بنوں میں بھی آٹےکا20کلو کا تھیلا 1860 روپے تک میں دستیاب ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب کے بڑے شہروں میں  سرکاری  ریٹ والے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 980روپے تک ہے، اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 980 روپے تک ہے۔

 واضح رہے کہ اسلام آباد میں سرکاری ریٹ کے برخلاف فلور ملز کا  20 کلو آٹے کا تھیلا   1980 روپے تک پہنچ گیا ہے اور اس کے دام میں ایک ہفتے کے اندر  20 روپے کا  اضافہ ہوا ہے۔

آٹے کے دام بے لگام ہونے پرعوام کا شکوہ ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی جینا حرام کیے رکھا  ہے اور ایسے میں  آٹے کے مسلسل بڑھتے ریٹ نے ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں۔  متعلقہ ضلعی حکومتوں کا موقف ہے کہ  سیلاب  سے آٹے کی سپلائی متا ثر ہے اور یہی وجہ سے ملک بھر میں آٹے کے ریٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر