دبئی میں غریبوں کو مفت روٹی کی فراہمی کیلیے مشینیں نصب کردی گئیں
روٹی کی مشینیں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قائم کردہ فاؤنڈیشن نے مختلف شاپنگ مالز میں نصب کی ہیں

دبئی میں زندگی گزارنے کی لاگت میں اضافے کے ساتھ غریبوں کیلیے مفت گرم روٹی کے حصول کی سہولت متعارف کرادی گئی ہے ۔
ریگستان پر تعمیر کردہ فلک بوس عمارتوں کا شہردبئی اپنی تقریباً تمام غذائی ضروریات درآمدات سے پوری کرتا ہے ،اشیا ضروریہ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں نے دبئی کو شدید متاثر کیا ہے اور اس عالمی رجحان میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد مزید تیزی آئی ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
کے الیکٹرک صارفین کے خوشخبری: بجلی کے نرخوں میں 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ کمی
سیلاب متاثرین کی بحالی: ورلڈ بینک کا 2 ارب ڈالر دینے کا اعلان
پچھلے ہفتے دبئی کی سپر مارکیٹوں میں 10 وینڈنگ مشینیں نصب کی گئی تھیں جن میں کمپیوٹر ٹچ اسکرین لوگوں کو مختلف اقسام کا انتخاب کرنے کی اجازت دیتی ہے، مشین کے ذریعے مستحقین کو سینڈوچ کے لیے روٹیاں، پٹا روٹی یا چپٹی ہندوستانی طرز کی چپاتی بالکل مفت دستیاب ہے۔
مشین میں کریڈٹ کارڈ ریڈر بھی موجود ہے جس کی مدد سے عطیات جمع کرائے جاسکتےہیں۔دبئی کے شماریاتی مرکز کے حکومتی اعدادوشمار کے مطابق کھانے کی قیمتوں کا اشاریہ جو کہ غذائی اجناس کی ایک ٹوکری کی قیمت میں ماہانہ تبدیلی کاجائزہ لیتا ہے، گزشتہ سال جولائی کے مقابلے اس سال جولائی میں 8.75 فیصد بڑھ گیا۔ٹرانسپورٹ کی لاگت میں 38 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
روٹی کی مشینیں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قائم کردہ فاؤنڈیشن نے نصب کی ہیں۔فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر زینب جمعہ التمیمی نے کہا کہ ہماری سوچ یہ ہے کہ پسماندہ خاندانوں اور کارکنوں تک پہنچا جائے اس سے پہلے کہ وہ ہم تک پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی ضرورت مند صرف بٹن دبانے سےگرم روٹی حاصل کر سکتا ہے۔
تیل کی دولت سے مالا مال متحدہ عرب امارات کی آبادی تقریباً ایک کروڑ افراد پر مشتمل ہے، جن میں سے 90 فیصد غیر ملکی، بہت سے مزدور ایشیا اور افریقہ سے ہیں۔