گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آئندہ برس ستمبر سے آپریشنل ہوجائے گا

ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ  2500 ایکڑ رقبے پر محیط ایک مرکزی کاروباری ضلع قائم کیا گیا ہے جو سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اگلے برس ستمبرسے کام شروع کردے گا جبکہ پہلی آزمائشی پرواز مارچ میں چلائی دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر آئندہ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن کر ابھرے گا ، لہذا بزنس کمیونٹی گوادر پر توجہ دے جہاں ان کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ملک میں مہنگائی 30.68 فیصد کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 7.43 ارب ڈالر کی سطح پر آگئے

مجیب الرحمان قمبرانی کا کہنا تھا کہ گوادر بلوچستان کے عوام سمیت پورے ملک کیلئے خوشحالی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا سرمایہ کاروں کو اس میں خصوصی دلچسپی لینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں 2500 ایکڑ رقبے پر محیط ایک مرکزی کاروباری ضلع قائم کیا گیا ہے جو سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں جن میں بوٹ پارکنگ پیڈیزر، جیٹی سٹرکچر، پشوکان جیٹی، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، میرین ڈرائیو، اسکول، ہسپتال، ریسٹورنٹ، سینٹرل پارک، پیڈیزر پارک، ساحلی ماڈل پارک، سیاحتی سہولیات، کرکٹ اسٹیڈیم اور چھوٹی ٹک شاپس شامل ہیں۔

ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی آئی وفد گوادر کے دورے پر بھیجے تاکہ وہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ گوادر میں ترقیاتی کام جلد مکمل کئے جائیں تاکہ اسے فعال بنایا جا سکے، جس سے صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔

احسن ظفر کا مزید کہن تھا کہ تمام بین الاقوامی پروازوں کو گوادر میں اتارا جائے تاکہ اسے دبئی اور قطر کی طرح کاروباری سرگرمیاں شروع ہوں۔

متعلقہ تحاریر