حکومت نے اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کردی

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعلان کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7.50 روپے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔

مہنگائی کی ماری عوام کا بلاآخر حکومت کو خیال آہی گیا ، وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے سات روپے فی لیٹر کمی کردی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جمعرات کے روز اعلان کرتے ہوئے وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 214 روپے 80 ہو گئی ہے۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے بھیجی گئی سمری وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کی جنہوں نے قیمتوں میں کمی کے فیصلے کی توثیق کردی۔

یہ بھی پڑھیے

اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، اربوں روپے کا نقصان، سونا بھی مزید مہنگا ہوگیا

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کافی غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ قیمتیں اگلے پندرہ دن تک کم رکھی جائیں گی۔

وزیر خزانہ کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت 224 روپے 80 پیسے میں دس روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول فی لیٹر قیمت 214 روپے 80 ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 7.50 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ جو اب 235.30 روپے سے کم ہوکر 227.80 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ HSD بنیادی طور پر ٹرکوں اور بسوں میں استعمال ہوتا ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 10 روپے کمی کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت اگلے پندرہ دن کے لیے 192.01 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 182.01 روپے ہو گئی ہے۔ مٹی کا تیل لیمپ روشن کرنے اور چھوٹے چولہے چلانے میں استعمال ہوتا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں بھی 10 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل 186.5 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا تھا ، تاہم قیمت میں کمی کے بعد اب یہ 176.5 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔ ایل ڈی او زیادہ تر ٹیوب ویل استعمال کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے کے بعد ہوگا۔

متعلقہ تحاریر