پاک سوزوکی نے پرزوں کی عدم دستیابی پر موٹرسائیکلز کی بکنگ روک دی

موجودہ معاشی حالات، درآمدی  سپلائی چین کی رکاوٹوں اور غیر یقینی پیداواری امکانات کے  پیش نظر ہم نئے صارفین کی خدمت کرنے سے قاصر ہیں، کمپنی کا ڈیلرز کو خط

پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے درآمد ی سپلائی چین  میں  رکاوٹوں اور پیداوار کے غیر یقینی امکانات کی وجہ سے اپنی موٹرسائیکلوں کے نئے آرڈرز کی بکنگ فی الحال روک دی ہے۔

جمعرات کو اپنے ڈیلرز کو لکھے ایک خط میں کار ساز کمپنی نے لکھا کہ موجودہ معاشی حالات، درآمدی  سپلائی چین کی رکاوٹوں اور غیر یقینی پیداواری امکانات کے  پیش نظر ہم نئے صارفین کی خدمت کرنے سے قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پرافٹ پی کے نے بغیر دستاویزی ثبوت سنو ٹی وی کو بلڈرمافیا سے جوڑ دیا

نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس پر منافع 1.7فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کردیا گیا

کمپنی کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ” مذکورہ بالا صورتحال کے پیش نظر   ہم نے 20 جنوری 2023 سے اپنی موٹرسائیکل مصنوعات کی بکنگ فی الحال روک دی ہے تاہم نئے صارفین کی خدمت کے لیے حالات سازگار ہونے پر بکنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی“۔

کمپنی کے اس اقدام نے تجزیہ کاروں کو حیران نہیں  کیا۔انہوں نے سوال کیا کہ  نئے آرڈرز وصول کرنے کا کیا فائدہ جب بہت سے کارخانے بند ہوچکے   ہیں اور کوئی خام مال درآمد نہیں کیا جارہا ۔

جے ایس گلوبل کے تجزیہ کار واصل زمان نے کہا کہ”مجھے  گاڑیوں کی  بکنگ روکے جانے پر بھی حیرت نہیں ہوگی۔ خام مال کی درآمد پر پابندیوں کے ساتھ پلانٹس بند ہیں، تو نئے آرڈر لینے کا کیا فائدہ ہے“۔

ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹر سائیکل اسمبلرز (اے پی ایم اے) کے چیئرمین صابر شیخ نے نشاندہی کی”یہ مسئلہ روپے کی قدر میں کمی اور ایل سیز  پر پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہو رہا ہے“۔

انہوں نے بتایا کہ ”مکمل طور پربیرون ملک تیار کردہ ( سی کے ڈی) پارٹس کی عدم دستیابی اور اتارچڑھاؤ کی شرح کمپنیوں کو اپنے سامان کی قیمت کا تعین کرنےسے روک رہی ہے“۔

اسٹیٹ بینک کی آئندہ ہفتے سے ڈالرز کی دستیابی کی یقین دہانی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ایل سی  کا مسئلہ حل ہونے کے بعد کمپنیاں دوبارہ پیداوار اور فروخت شروع کر سکیں گی۔

متعلقہ تحاریر