بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ کی اسٹرنگز کے بعد نئے اندازمیں واپسی
فیصل کپاڈیہ نے اپنے دیرینہ دوست کو دبئی بلایا اور دونوں نے ایک ہفتے تک مل کر خوب موج مستی اور ہلا گلا کیا۔

پاکستانی میوزک انڈسٹری کےمقبول ترین بینڈ اسٹرنگ کے خاتمے کے بعد بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ ایک مرتبہ پھرنئے انداز میں اپنے پرستاروں کے سامنے آئے ہیں۔
لیکن اس مرتبہ یہ دونوں میوزک کے علاوہ سب کچھ کررہےہیں۔ فیصل کپاڈیہ نے اپنے دیرینہ دوست کو دبئی بلایا ہے جہا ں ان دونوں نے ایک ہفتے تک مل کر خوب موج مستی اور ہلاگلا کیا۔
یہ بھی پڑھیے
گلوکار بلال مقصود کا نیا گانا دھیم تانا پرستاروں کو پسند آگیا
بلال مقصود نے نیا گانا ’تھوڑا تھک سا گیا ہوں‘ جاری کردیا
بظاہر فیصل کپاڈیہ اور بلال مقصود کایہ ملاپ دبئی میں سیاحت کے فروغ کے حکومتی منصوبے کا حصہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ فیصل کپاڈیہ اور بلال مقصود کی دبئی میں کی جانے والی سیر و تفریح کی قسط وار وڈیوز دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے آفیشل یوٹیوب چینل”وزٹ دبئی“پر شیئر کی جارہی ہے۔
اب تک اس سلسلے کی 2 اقساط یوٹیوب پر نشر کی جاری کی جاچکی ہیں۔فیصل کپاڈیہ کے مطابق یہ ان کا تیار کردہ منصوبہ ہے جس کا مقصد بلال مقصود کو دبئی کی ایک نئی پہچان سے روشناس کرانا اور انہیں کراچی سے دبئی منتقل ہونے پر راضی کرنا ہے۔
پہلی قسط میں بانی ارکان نے اسٹرنگز کے قیام اور دبئی میں منعقدہ اپنے پہلے بین الاقوامی کنسرٹ کی یادوں کوتازہ کیا اور اپنے گانوں کی عکس بندی کے مقامات کا بھی دورہ کیا جو گزرے چند سالوں میں بالکل تبدیل ہوگئے ہیں۔اسٹرنگز کے بانی ارکان نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان کا بینڈ ٹوٹا نہیں ہے بلکہ ختم ہوگیا ہے۔
پہلی قسط میں بلال اور فیصل نے پرتعیش کشتی کے ذریعے دبئی کے ساحلی مقامات کی سیر کی جبکہ دوسری قسط میں دبئی آٹو ڈروم میں تیزرفتار ڈرائیونگ کے شوق کو جلا بخشی جہاں فیصل کپاڈیہ زندگی میں پہلی بار 203 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلائی۔
اس کے علاوہ فیصل اور بلال نے منکی براس میں انڈور گیمز کھیلے جن میں بلال نے فیصل کواسنوکر میں مات دی تو فیصل نے باؤلنگ میں بلال کو چاروں خانے چت کردیا جس کے بعد ٹاپ گالف میں پھر سے بلال کا پلا بھاری رہا۔
اس سلسلے کی تیسری قسط آئندہ ہفتے جاری کی جائےگی جس میں ممکنہ طور پر دونوں گلوکار دبئی کی بلند و بالا عمارت پر مہم جوئی کرتے نظرآئیں گے۔









