جے یو آئی (ف) کی جانب سے دھمکی: حریم شاہ نے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز رکھ لیے

سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے پیغام میں معروف ٹک ٹاکر نے کہا ہے کہ  تھریٹ ملنے کے بعد نجی سیکورٹی گارڈز رکھ لیے ہیں۔

معروف ماڈل ، ٹک ٹاکر اور اداکارہ حریم شاہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے شوہر اور ذاتی سیکورٹی گارڈز کے ہمراہ کھڑی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹک ٹاکر حریم شاہ نے لکھا ہے کہ ” مولانا فضل الرحمان و دیگر کی جانب سے تھریٹ ملنے کے بعد پرائیویٹ سیکورٹی ہائیر کرلی ہے۔”

گذشتہ کئی روز سے ماڈل و ٹک ٹاکر حریم شاہ اور جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پیروکاروں کے درمیان سوشل میڈیا پر ایک جنگ چھڑی ہوئی ہے۔

ٹک ٹاکر حریم نے گذشتہ دنوں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ بس بہت ہوگیا اگر مجھے دھمکایا گیا تو مولانا کی جتنی بھی ویڈیوز ہیں لیک کردوں گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ٹک ٹاکر حریم شاہ  نے لکھا تھا کہ ”میرے پاس ڈھونگی اور عیاش مولانا فضل الرحمان کے خلاف ویڈیو ثبوت ہیں اس لیے میں نے ان کے خلاف وڈیو اپلوڈ کی۔”

حریم شاہ نے مزید لکھا تھا کہ "کئی دنوں سے مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور وڈیوز ڈیلیٹ کرنے کا کہا جارہا ہے۔ میرا مقصد فضل الرحمان جیسے ڈھونگی علماء کو بےنقاب کرنا تھا۔”

ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں حریم شاہ نے کہا تھا کہ "مجھے سیکورٹی تھریٹ کسی عام بندے کی جانب سے نہیں دیا گیا۔ مجھے سیاسی لوگوں کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔”

اسی طرح سے 16 مئی کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان پر بیہودہ الزامات کی بھرمار کی تھی۔

متنازعہ سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ نے حکومتی اتحاد کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان  کو دین فروش قرار دیتے ہوئے بیہودہ الزامات عائد کردیئے۔

حریم شاہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے جے یو آئی ف کے سربراہ کو دین کا بیوپاری قراردیا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر رنگین محفلوں میں شرکت  کا انکشاف کیا تھا۔

حریم شاہ نے کہا کہ میرا دین کے بیوپاری مولانا سے سوال ہے کہ اگر طوائفیں اتنی ہی بری لگتی ہیں تو انہیں اپنی ایف 8 اسلام آباد میں ہونے والی رنگین محفلوں میں کیوں بلاتے ہیں؟

متعلقہ تحاریر