حیرت انگیز خبر: جنت مرزا نے ٹک ٹاک پر پابندی کی حمایت کردی

کراچی: پاکستان میں سب سے زیادہ فالوورز حاصل کرنے والی اور سب سے بڑی ٹک ٹاکر جنت نے مرزا نے ایپ پر پابندی کی حمایت کردی ہے۔

جنت مرزا ٹک ٹاک سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں اور دو روز قبل ہی ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر دس ملین فالوورز مکمل ہوئے تھے۔ دس ملین فالوورز کے بعد جنت مرزا نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور پاکستان کی سب سے زیادہ فالوورز والی ٹک ٹاکر بن گئیں۔ تاہم اب حیرت انگیز طور پر جنت مرزا نے ہی پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کی حمایت کردی ہے۔

ٹک ٹاک پر پابندی کے بعد جنت مرزا نے جاپان سے پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلز سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ انہوں نے حیرت انگیز طور پر پابندی کی مخالفت کے بجائے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں جاپان میں موجود ہوں اور پاکستان سے ٹک ٹاک پر پابندی کی خبر موصول ہوئی ہے۔ میں خود چاہ رہی تھی کہ ٹک ٹاک پر پابندی عائد ہو تاہم یہ پابندی مستقل بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے۔ فی الوقت یہ پابندی ٹھیک ہے لیکن اس کیلئے ایس او پیز بنائی جائیں جس کے بعد یہ پابندی ہٹالی جائے۔

جنت مرزا نے تجویز دی کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کو مانیٹر کرنے والی ٹیم ہونی چاہیے اور یہ ٹیم ہر ویڈیو کو پوسٹ ہونے سے قبل دیکھے۔ جو ویڈیو معیاری ہو اسے نشر ہونے دے اس طرح ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے سے قبل یہ سوچنا چاہیے تھا کہ اب ہزاروں لوگ اس ایپ سے پیسے کمارہے ہیں اور اسی ایپ کی وجہ سے ان کے گھر کا چولہا جلتا ہے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والی حکومت نے نوکریاں تو نہیں دیں البتہ ہزاروں لوگوں کو بےروزگار ضرور کردیا ہے۔ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر کے حکومت نے ہزاروں لوگوں کا ذریعہ معاش چھین لیا ہے جس سے بےروزگاری میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہونے لگا ہے۔

پابندی عائد کرنے سے قبل یہ بھی نہیں سوچا گیا کہ یہ ایپ ہمارے دوست ملک چین کی ہے۔ کیا ہم اس پر پابندی لگا کر اپنے برادر ملک کا نقصان کر رہے ہیں؟َ کیا اس طرح کے چھوٹے چھوٹے اقدامات سے ہمارے تعلقات میں فرق پیدا نہیں ہوگا؟

ادھر ٹک ٹاک پر معیاری ویڈیوز تخلیق کرنے والے کئی صارفین نے جنت مرزا کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی کی وجہ غیرمناسب اور متنازع مواد کی تشہیر ہے۔ اس ایپ پر پابندی لگانے کے بجائے ایک مانیٹرنگ ٹیم قائم کرنی چاہیے جو کسی بھی صارف کے ویڈیو پوسٹ کرنے سے قبل اس کے معیار کی جانچ کرے۔ اس طرح محض معیاری مواد کی تشہیر ہوگی اور ملک سے نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے