ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان دوزیاتان پاکستان پہنچ گئے

انہیں چوہدری محمد اسماعیل اور میاں کاشف ضمیر نے مدعو کیا ہے جو پاکستان کی کاروباری شخصیات ہیں

عالمی  شہرت یافتہ ڈرامہ سیریز ” ارطغرل غازی‘‘کے ہیرو انگین آلتان دوزیاتان دو روزہ نجی دورے پر پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ گئے ہیں۔

انہیں چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے ایم ڈی چوہدری محمد اسماعیل اور میاں کاشف ضمیر نے مدعو کیا ہے۔ وہ لاہور کے اُس کاروباری گروپ کے برانڈ ایمبیسیڈر کی حیثیت سے ایک پروٹوکول پر بھی دستخط کریں گے۔

ترکی میں مقیم پاکستانی صحافی فرقان حمید نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ میاں کاشف ضمیر نے چند ہفتے قبل ترکی کا دورہ کرتے ہوئے انگین آلتان سے ملاقات کی تھی اور انہیں چوہدری گروپ آف  انڈ سٹریز کا برینڈ ایمبسیڈر بننے کی پیشکش کی تھی۔

اس پر انگین آلتان نے میاں کاشف ضمیر سے انہیں کچھ مہلت دینے اور اس کے بعد ہی فیصلہ کرنے سے آگاہ کیا تھا۔ اسی دوران میاں کاشف ضمیر اور انگین آلتان کے درمیان ہونے والی بات چیت کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوتی رہی ہیں جس کے بعد عوام کو یقین ہوگیا تھا کہ انگین آلتان جلد ہی میاں کاشف ضمیر کے نجی مہمان کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

میک اپ آرٹسٹ نے حلیمہ سلطان کا روپ دھار لیا

انگین آلتان اس بار صرف نجی دورے پر پاکستان تشریف لائے ہیں اور وہ اپنے اس قیام کے دوارن چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے برینڈ ایمبسیڈر بننے کی دستاویز پر دستخط  کریں گے۔ جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

ان کے اس دورے کے دوران کرونا وائرس کی شدت کی وجہ سے کسی قسم کی پبلک سرگرمیوں سے گریز کیا گیا ہے تاہم ان کے     کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے بعد پاکستان کے تین بڑے شہروں میں اُن کی عوامی سطح پر ملاقاتیں ہو سکتی ہیں۔ اِس کے علاوہ وہ مختلف اشتہارات کی شوٹنگ میں بھی حصہ لیں گے۔

یاد رہے اس سے قبل پاکستانی میڈیا میں ارطغرل غازی کے ہیرو "انگین آلتان” کے دورہ پاکستان کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں لیکن یہ خبریں من گھڑت ہی ثابت ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ خلافت عثمانیہ کی ابتدائی تاریخ کو اجاگر کرنے والی یہ تاریخی ڈرامہ سیریز پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کرچکی ہے اور پاکستانیوں کی اس قدر مقبولیت کے بعد یہ ڈرامہ سیریز گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر