شادی کے پہلے 10منٹ میں اندازہ ہوگیا تھا کہ غلط شخص سے شادی کرلی، نادیہ خان

پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ پہلی شادی کے پہلے 10 منٹوں ہی میں اُنہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ اُنہوں نے غلط شخص سے شادی کر لی ہے۔

ہردلعزیز میزبان نادیہ خان نے حال ہی میں سابق معروف اداکار ساجد حسن کو ایک نجی ٹی وی کے شو میں انٹرویو دیا ہے۔

اس ٹاک شو کے دوران انہوں نے اپنی شادی سے قبل کی زندگی، والدین، ڈراموں میں انٹری اور پہلی ناکام شادی سے لے کر دوسری کامیاب شادی تک بات کی ہے۔

نادیہ خان کا شو کے دوران اپنی پہلی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ اُنہیں شادی کے پہلے دس منٹوں کے دوران ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ انہوں نے شادی کے لیے غلط انسان کا انتخاب کر لیا ہے، اس بات کے گواہ اُن کے پہلے شوہر کے دوست بھی ہیں مگر وہ اب کسی کی نجی زندگی پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اپنے فیصلے کے غلط ثابت ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی پہلی شادی کو کامیاب بنانے کے لیے 10 سال تک محنت اور کوشش کی کیوں کہ پہلی شادی اُن کی پسند اور اُن کے فیصلے سے کی گئی تھی۔

نادیہ خان کا شو کے دوران کہنا تھا کہ انہوں نے غلط انسان کے ساتھ 10 سال تک اس لیے بھی گزارا کیا کیوں کہ وہ پرانے خیالات کی مالک ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اُن کے پہلے شوہر نے پہلی بار اُنہیں ڈرامے کی شوٹنگ پر دیکھا تھا اور دوسری بار وہ اپنے شوہر سے منگنی کی رسم پر ملی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ نوّے کی دہائی میں ایسے ہی پیار اور پسند کی شادیاں ہوتی تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ اُن کے پہلے شوہر سے دو بچے، بیٹی علیزا اور بیٹا اذان ہیں۔

واضح رہے کہ نادیہ خان کی پہلی اور دوسری شادی کا خاتمہ طلاق پر ہوا تھا، اداکارہ نے جنوری 2021ء میں تیسری شادی فیصل راؤ سے کی تھی۔

متعلقہ تحاریر