ملالہ یوسف زئی کی برطانوی ویب سیریز کی پہلی جھلک وائرل

پاکستانی نوبل انعام یافتہ و سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کی برطانوی میوزیکل کامیڈی ویب سیریز کی پہلی جھلک جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ایکسٹرا کریکیولر‘ نامی فلم پروڈکشن ہاؤس سے پروڈکشن کی دنیا میں قدم رکھنے والی ملالہ یوسف زئی اب ویب سیریز ’وی آر لیڈی پارٹس‘ کے سیزن 2 میں نظر آئیں گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویب سیریز کا دوسرا سیزن آج سے امریکی اور برطانوی چینلز پر نشر کیا جائےگا، جس میں ملالہ یوسف زئی مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ویب سیریز کی پہلی جھلک وائرل ہوگئی ہے، جس میں سب سے کم عمر نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو مغربی لباس میں دکھایا گیا ہے۔

وائرل ہونے والی تصویر میں ملالہ یوسفزئی شو کی دیگر کاسٹ کے ساتھ کاؤ بوائے ٹوپی پہنے گھوڑے پر بیٹھی نظر آرہی ہیں۔

برطانوی میوزیکل کامیڈی ویب سیریز ملالہ یوسفزئی کو میوزیکل بینڈ کے رکن کے طور پر دکھایا گیا ہے، جبکہ اس بینڈ میں انجانا وسان، سارہ کمیلا امپی، جولیٹ موٹامڈ، فیتھ اومول اور لوسی شارٹ ہاؤس سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویب سیریز کے سیزن 2 میں بینڈ کی واپسی دکھائی گئی ہے، جو اپنے پہلے برطانوی دورے کے بعد ایک نئے مشن پر ہے، اسے اپنے حریف بینڈ کو تلاش کرنا ہے جو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

واضح رہے کہ میوزیکل کامیڈی ویب سیریز ’وی آر دی لیڈی پارٹس‘ کا پہلا سیزن مئی 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

اس ویب سیریز کی کہانی مسلم نوجوان لڑکیوں کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے جو متعدد مسائل کے باوجود میوزک کی دنیا میں اپنا نام کمانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔

ویب سیریز کی کہانی ندا منظور سمیت متعدد لکھاریوں نے لکھی ہے، تاہم اس کا خیال ندا منظور نے اپنے لندن کے تجربات کی روشنی میں دیا تھا۔

ویب سیریز کے تمام کردار مسلمان لڑکیوں کے ہیں لیکن تمام کرداروں کو مختلف رنگ و نسل اور ثقافت سے دکھایا گیا ہے لیکن تمام کردار برطانیہ میں پلے بڑھے ہوتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر