شاہ رخ خان کی 55 ویں سالگرہ پر ورچوئل پارٹی کا اعلان

شاہ رُخ خان کے فین کلب کے رکن کا کہنا ہے کہ مداح اس بار اپنے گھروں میں کیک کاٹیں گے اور لائیو اسٹریمنگ کی مدد سے تقریب کا حصہ بنیں گے

بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان پیر کے روز اپنی 55 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کی سالگرہ اُن کے مداحوں کے لیے کسی تہوار سے کم نہیں ہوتی۔

ہر سال شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر مداح اُن کی رہائش گاہ ” منت” پر جا کر ایک جھلک دیکھنےکے منتظر رہتے ہیں لیکن اِس برس کرونا کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو سکے گا۔

آج بھی مداحوں نے شاہ رخ خان کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سالگرہ کی ڈھیروں مبارکباد دی ہیں۔ اِس ہی وجہ سے ” ہیپی برتھ ڈے ایس آر کے” ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیاہے۔

شاہ رخ خان 2 نومبر 1965ء میں پیدا ہوئے تھے۔

اُنہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1980ء میں کیا تھا۔

اس دوران شاہ رُخ خان نے ٹی وی سیریز میں اداکاری کی تھی۔

سنہ 1992 میں شاہ رخ خان نے بالی وڈ میں فلم دیوانہ سے قدم رکھا جس کے بعد انہوں نے ان گِنت ہِٹ فلمیں کیں۔

بازی گر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم ، محبتیں اور مائی نیم از خان جیسی ہٹ فلمیں شاہ رخ خان کے فلمی سفر کے سنگِ میل ہیں۔

مختلف فلموں سے انہوں نے مختلف اعزاز بھی حاصل کئے جیسے، بادشاہ کے بعد انہیں بالی وڈ کے بادشاہ اور کنگ خان کا نام ملا، جبکہ دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے بعد انہیں رومانوی ہیرو کے نام سے بھی جانا گیا۔

اِس مرتبہ سالگرہ کے موقع پر شاہ رخ خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

ان کے فین کلب نے کنگ خان کی غیر موجودگی کی وجہ سے ورچوئل پارٹی کا منصوبہ بنایا ہے۔

فین کلب کے رکن کا کہنا ہے کہ مداح اس بار اپنے گھروں میں کیک کاٹیں گے اور لائیو اسٹریمنگ کی مدد سے تقریب کا حصہ بنیں گے۔

فین کلب کے ممبرز نے مزید بتایا کہ 5 ہزار افراد اس روچوئل پارٹی کا حصہ ہوں گے۔

اِس کے علاوہ یہی فین کلب شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر فلاحی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کرے گا۔

اِن فلاحی سرگرمیوں میں کنگ خان کی عمر 55 سال ہونے کی مناسبت سے 5555 ماسک اور سینیٹائزر کے ساتھ ساتھ 5555 کرونا سیفٹی کٹس اور 5555 افراد کے کھانے کی تقسیم بھی کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر