فلم ‘ورنہ’ کے بعد شعیب منصور گوہر ممتاز کی فلم میں گانا لکھیں گے

اس بار فلم میں شعیب منصور کی واپسی ہدایتکاری سے نہیں بلکہ گوہر ممتاز کی فلم میں گانا لکھنے سے ہوگی

‘خدا کے لئے’ اور ‘بول’ جیسی ہٹ فلموں کے خالق شعیب منصور ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔

 اس بار فلم میں شعیب منصور کی واپسی ہدایتکاری سے نہیں بلکہ اب فلمساز گوہر ممتاز کی فلم میں گانا لکھنے سے ہوگی۔

‘جل’ بینڈ سے شہرت پانے والے گوہر ممتاز ایک انگلش پروڈکشن ہاؤس ڈینئیل جونز پروڈکشنزکے ساتھ فلم ‘ابھی’ بنارہے ہیں جس کا گانا سانگ ‘اب ہماری باری ہے سرجی’ شعیب منصور نے لکھا ہے۔

اس سے پہلے بھی وہ اپنی تینوں فلموں کے گانے خود لکھ چکے ہیں جو آج بھی لوگوں میں مقبول ہیں۔

‘ابھی’ کی خاص بات یہ ہے کہ 2018 میں فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی ٹو’  اور ‘پرواز ہے جنون’ کے بعد اداکارہ کبریٰ خان بھی پہلی بار بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔

پاکستان کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم  ‘جے پی این اے ٹو ‘میں کام کرنے کے بعد کبریٰ خان نے ٹی وی کو ترجیح  دی اور ‘الف’ جیسے ڈرامے میں کام کرکے اپنے مداحوں میں اضافہ کیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ماہرہ خان کے منع کرنے کے بعد شعیب منصور نے ‘ورنہ ‘میں  کبریٰ خان سے رابطہ کر لیا تھا لیکن پھر ماہرہ خان نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر لیا اور ‘ورنہ’ کی ہیروئن بن گئیں۔

فلم ‘ابھی’ کی کہانی، اسکرین پلے اور اسکرپٹ گوہر ممتاز نے لکھی ہے اور وہ اس فلم پر چھ سال سے کام کررہے تھے۔ تمام گانے اُنہوں نے خود ہی کمپوز کئے ہیں۔

فلم کا ایک گانا استاد راحت فتح علی خان جب کہ دیگر گانوں میں آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔

فلم میں پہلی بار کبریٰ خان بھی گلوکاری کریں گی۔ اُن کے فینز ‘ابھی’ سے خوشگوار حیرت میں مبتلا ہیں کہ ان کی پسندیدہ اداکارہ کا یہ روپ کیسا ہوگا۔

 ‘ابھی’ کی شوٹنگ اس وقت جاری ہے اور آزاد کشمیر اور لاہور کا سپیل مکمل ہوچکا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں ماضی کے مشہور اداکار عثمان پیرزادہ اور آصف رضا میر کے ساتھ ساتھ سلیم شیخ ، محمود اسلم، حنا بیات، احتشام الدین اور یاسرہ رضوی شامل ہیں۔

فلم کی ہدایتکاری ڈرامہ سیریل ‘الف’ کے کیمرا مین اسد ممتاز ملک دے رہے ہیں۔ یہ ان کی بحیثیت ہدایتکار پہلی فلم تو ہوگی لیکن جس طرح انہوں نے ‘الف’ میں حمزہ علی عباسی، احسن خان ، کبریٰ خان اور سجل علی کو خوبصورت دکھایا تھا اس سے لوگوں کا تجسس بڑھ گیا ہے کہ اس فلم میں وہ کیا کمال دکھاتےہیں۔

متعلقہ تحاریر