اداکار، ہداتکار اور کھلاڑی کشمیر پر مشتمل مشاورتی بورڈ میں شامل
یہ بورڈ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے تشکیل دیا ہے
پاکستان میں شوبز اور کھیل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی مشہور اور نامور شخصیات پر مشتمل ایک مشاورتی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے تحت کام کرے گا۔
اِس مشاورتی بورڈ کا مقصد اندرون اور بیرون ملک پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔
جن فنکاروں کو بورڈ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ان میں ہمایوں سعید، صبا قمر، فہد مصطفیٰ، عاطف اسلم، انور مقصود، شان شاہد، علی عظمت، یوسف صلاح الدین، سائرہ کاظمی، راحت فتح علی، حدیقہ کیانی، شہزاد رائے، حمائما مالک، یوسف صلاح الدین شامل ہیں۔ جبکہ شنیرا اکرم، عدنان صدیقی، بلال اشرف، ثمینہ پیرزادہ اور شفقت امانت علی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
مشاورتی کردار کے لیے فلم کے پروڈیوسر جرجیس سیجا، مومنہ دورید اور عمارہ حکمت کا انتخاب کیا گیا ہے۔
فلم کے ہدایت کار سید نور، ندیم بیگ اور بلال لاشاری بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
کھلاڑیوں میں اعصام الحق، جہانگیر خان، جنشیر خان، ماریہ طورپاکائی، وسیم اکرم، ثناء میر اور کرشمہ علی کو شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔
مشاورتی بورڈ کے ممبرز کو ایک خط میں وزیر برائے اُمورِ کشمیر شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور اُسے برقرار رکھنے کے لیے اِن افراد کو ثقافت، ورثہ اور کھیلوں سے متعلق اپنے مشاورتی بورڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ بورڈ کے پہلے اجلاس سے پہلے بورڈ کے ساتھ مزید اقدامات، کردار اور ذمہ داریوں کا تبادلہ کیا جائے گا جو نومبر کے وسط میں ہوگا۔