’ملکہ حسن بننے کے بعد بھی ڈائریکٹر نے پلاسٹک سرجری کا مشورہ دیا‘
پریانکا چوپڑا نے سوانح عمری میں کئی اہم رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔
بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ‘ان فنشڈ’ فروخت کے لیے پیش کردی گئی ہے۔ مس ورلڈ بننے کے بعد پریانکا جب بالی ووڈ میں کام مانگنے گئیں تو انہیں ہدایتکار نے پلاسٹک سرجری کا مشورہ دے کر واپس بھیج دیا۔
سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا نے اپنی سوانح عمری ‘ان فنشڈ’ 5 سال بعد مکمل کرلی ہے جسے اب فروخت کے لیے پیش بھی کردیا گیا ہے۔ مارکیٹ میں یہ کتاب 11 فروری سے دستیاب ہوگی۔
اداکارہ نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ میں بتایا ہے کہ ان کی سوانح عمری پڑھنے کے خواہشمند افراد اس کا قبل از وقت آرڈر دے سکتے ہیں۔
View this post on Instagram
کتاب میں اداکارہ نے ذاتی زندگی کے حالات و واقعات کے علاوہ کئی اہم رازوں سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔
معروف اداکارہ نے سال 2000 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیتا جس کے بعد ان کے شوبز کیریئر کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس وقت پریانکا صرف 18 سال کی تھیں۔ پریانکا چوپڑا نے اپنی کتاب میں بتایا کہ وہ مس ورلڈ بننے کے بعد بالی ووڈ میں جس پہلے ہدایتکار سے ملیں انہوں نے پلاسٹک سرجری کرانے کا مشورہ دیا۔
ڈائریکٹر نے ملاقات میں اداکارہ کو کھڑے ہو کر گھوم کر دکھانے کا حکم دیا۔ جس کے بعد انہوں نے کہا کہ اگر وہ بالی ووڈ اداکارہ بننا چاہتی ہیں تو انہیں امریکا جا کر اپنے چہرے اور جسم کے مختلف اعضاء کی سرجری کرانا ہوگی۔
View this post on Instagram
سوانح عمری میں پریانکا چوپڑا نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ نوعمری میں وہ رنگ گورا کرنے کے لیے فیئرنس کریموں کا استعمال کرتی تھیں۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا ہے کہ انہیں ایشیائی ہونے کی وجہ سے امریکا میں نسلی و جنسی تعصب کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
راجیو کپور کی موت ایک سال میں کپور خاندان کو دوسرا بڑا نقصان
پریانکا چوپڑا نے 2003 میں فلم ‘دی ہیرو’ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا جبکہ 2017 سے ہالی ووڈ فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا۔ معروف اداکارہ نے 2018 میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی جس کے بعد سے وہ امریکا میں مقیم ہیں۔