ماہین خان کا تبصرہ ماڈلنگ انڈسٹری پر سوالیہ نشان
معروف فیشن ڈیزائنر ماہین خان پاکستانی ماڈلز کی کارکردگی سے خوش نظر نہیں آتیں۔
معروف فیشن ڈیزائنر ماہین خان انڈسٹری میں ماڈلز کی کارکردگی سے مطمئن دکھائی نہیں دیتیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کردہ ویڈیو پر تبصرے میں ماہین خان نے لکھا کہ ماڈلز کے مقابلے بلی ریمپ پر بہتر انداز سے چل رہی ہے۔
ماہین خان کا شمار پاکستان کی چند پائے کی فیشن ڈیزائنرز میں ہوتا ہے۔ ماہین خان کو سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو، وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ اور برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن سمیت دیگر اہم شخصیات کے لباس تیار کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
فیشن کی دنیا میں اعلیٰ معیار رکھنے والی ماہین خان پاکستانی ماڈلز کی کارکردگی سے خوش نظر نہیں آتیں۔
گزشتہ روز معروف مصنفہ بینا شاہ نے ٹوئٹ میں استنبول کے ایک فیشن شو کی ویڈیو شیئر کی جس میں ریمپ پر اچانک بلی نمودار ہوجاتی ہے۔ بینا نے کیپشن میں پاکستان فیشن ویک لکھ کر ماہین خان کو ٹیگ کیا لیکن معروف ڈیزائنر نے جواب میں ماڈلز سے ناراضگی کا اظہار کردیا۔ ماہین خان نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ یہ بلی پاکستان کی ماڈلز کے مقابلے بہتر انداز سے ریمپ پر چل رہی ہے۔
Bina the cat walks better than most models
— Maheen Khan (@Maheenkhanpk) February 9, 2021
یہ بھی پڑھیے
ماہین خان اور عائزہ خان احتیاطی تدابیر کے دو رُخ
واضح رہے کہ ماہین خان نے کچھ عرصہ قبل بھی ڈھکے چھپے انداز میں ماڈلنگ کے معیار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیشن کی دنیا میں وہی چیز بکتی ہے جسے اچھے طریقے سے پیش کیا جائے۔