روایتی سوچ کی مخالف ثناء فخر خطوط لکھنےکی شوقین

ثنا فخر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خطوط لکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لکھا کہ 'آج کے اس ڈجیٹل دور میں بھی خط کی تحریر ان کے لیے ایک جادوئی اثر رکھتی ہے

پاکستانی کی معروف اداکارہ ثنا فخر ایک بےباک شخصیت کی مالک ہیں جو اکثر و بیشتر روایتی تصورات سے ہٹ کر بات کرتی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی حالیہ پوسٹ میں ثنا فخر نے خطوط لکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

ثنا فخر پاکستان کی فلم انڈسٹری کی ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر وہ اکثر روایتی سوچ سے ہٹ کر بات کرتی ہیں۔ سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر اداکارہ نے اپنی شخصیت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ وہ روزانہ معاشرے کے مخصوص تصورات کو توڑتی رہتی ہیں۔

سوشل میڈیا کے اس دور میں جہاں ہر کوئی مختلف پوسٹوں کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کررہا ہوتا ہے وہاں خطوط تحریر کرنے کی اہمیت ختم ہوتی جارہی ہے۔

ثنا فخر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خطوط نگاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘آج کے اس ڈجیٹل دور میں بھی خط کی تحریر ان کے لیے ایک جادوئی اثر رکھتی ہے۔ خط میں الفاظ کے ساتھ جذبات جڑے ہوتے ہیں جن کا براہ راست تعلق دل سے ہوتا ہے۔’

اس سے قبل بھی ثنا فخر ان موضوعات کو چھیڑتی آئی ہیں جن پر عام طور پر اداکارائیں بات کرنے سے اجتناب کرتی ہیں۔ اداکارہ انڈیا میں کسانوں کے حقوق کی پامالی پر بھی آواز اٹھا چکی ہیں اور ٹوئٹر پر اس حوالے سے متعدد پوسٹس شیئر کر چکی ہیں۔

فلم انڈسٹری کی دیگر اداکاراؤں کے برعکس ثنا فخر مقبوضہ کشمیر میں انڈین فوج کی جانب سے کشمیری مسلمانوں پر کیے جانے والے مظالم پر بھی اکثر بات کرتی رہتی ہیں۔

پاکستان میں آج تک کسی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ہمراہ ایسی بےباک تصاویر شیئر نہیں کیں جو ثنا نے کی ہیں جس کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

ہانیہ عامر نے خواتین کو کھیلوں میں کمزور کیوں ظاہر کیا؟

ثنا فخر نے 1997 میں فلم ‘سنگم’ میں کام کر کے اپنے فلمی کیئریر کا آغاز کیا۔ نگار ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے معروف اداکار شان شاہد کے ہمراہ بھی متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ ان دنوں وہ ڈراموں میں اداکاری کر رہی ہیں۔

فیشن انڈسٹری میں بھی اداکارہ کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ لاہور میں ہونے والے حالیہ ‘برائیڈل فیشن ویک’ میں بھی اداکارہ نے حصہ لیا اور ریمپ پر عروسی ملبوسات کی ماڈلنگ کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔

متعلقہ تحاریر