مشعل اوباما نیٹ فلکس پر کوکنگ شو کی میزبانی کریں گی
سابق امریکی صدر کی اہلیہ کا نیا شو 16 مارچ کو نیٹ فلکس پر جاری کیا جائے گا۔
سابق امریکی صدر باراک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما نیٹ فلکس پر کھانا پکانے کے شو کی میزبانی کریں گی۔ منفرد طرز کے شو ‘ویفلز پلس موچی’ کا ٹریلر منظر عام پر آگیا ہے۔
امریکا کے سابق صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما ان دنوں نیٹ فلکس پر مختلف سیریز اور شوز بنانے میں مصروف ہیں۔ مشعل اوباما کے نئے اور منفرد طرز کے کوکنگ شو ‘ویفلز پلس موچی’ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
ایڈونچر سے بھرپور شو میں مشعل اوباما ویفلز اور موچی کے کٹھ پتلی کرداروں کے ہمراہ کبھی کھانا پکاتے تو کبھی گھومتے پھرتے نظر آئیں گی۔ جبکہ مختلف شیفس بھی بچوں کے لیے بنائے گئے اس خصوصی پروگرام کا حصہ بنیں گے۔
کٹھ پتلی ‘ویفلز’ بچوں کو امریکا، اٹلی اور جاپان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی سیر کروائے گا۔ شو میں بچوں کو سبزیوں اور مصالحہ جات کے بارے میں اہم معلومات بھی فراہم کی جائے گی۔
باراک اوباما اور مشعل اوباما کی پروڈکشن میں بننے والا یہ شو 16 مارچ کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
اوباما کی جوبائیڈن کے لئے انتخابی مہم کا انوکھا انداز
واضح رہے کہ چند روز قبل سابق امریکی صدر کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے پاکستانی ناول نگار محسن حامد کی تصنیف ایگزیٹ ویسٹ پر فلم بنانے کا اعلان سامنے آیا تھا۔