پاکستان شارٹ فلمز کے میدان میں قدم جمانے لگا

آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقد کیے جانے والے فیسٹیول میں 18 شارٹ فلمز دکھائی جائیں گی

سینما گھروں کی بحالی کے بعد پاکستان اب شارٹ فلمز کے میدان میں بھی قدم جمارہا ہے۔ نیشنل امیچر شارٹ فلم فیسٹیول (این اے ایس ایف ایف) اس کی واضح مثال ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس فیسٹیول کے لیے پاکستان کے مشہور و معروف اداکار برانڈ ایمبیسیڈرز منتخب کیے گئے ہیں۔ جن میں ایوب کھوسہ، ہمایوں سعید، ماہرہ خان، اقراعزیز، زارہ نور عباس، فرحان سعید، بلال عباس اور دیگر فنکار شامل ہیں۔

یہ پاکستان کے نوجوان فلم سازوں کے لیے ایک سنہرا موقع ہے۔ جس کے تحت وہ اعلیٰ معیار کی مختصر فلمیں تیار کر کے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔

ہمایوں سعید نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا۔ انہوں نے فیسٹیول کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اداکار نے نوجوانوں کو متحرک کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ کچھ معیاری کام کرنا چاہتے ہیں تو یہ پلیٹ فارم آپ کے قدم جمانے میں مدد کرے گا۔

لانچنگ کے موقع پر گلوکار و اداکار فرحان سعید کہتے ہیں کہ اگر آپ ٹیلنٹڈ ہیں تو یہ ایک بہترین موقع ہے۔

این اے ایس ایف ایف قومی سطح پر باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا اہم موقع فراہم کررہا ہے۔ میلے کا مقصد پاکستانی روایت اور ثقافت کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔

فیسٹیول میں 6 تھیمز پر مبنی 18 شارٹ فلمز دکھائی جائیں گی۔ ہر ایک کیٹاگری میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر